لاڑکانہ پولیس کی کارروائیاں، خطرناک ڈاکو سمیت 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

پیر 2 جنوری 2017 23:19

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء) لاڑکانہ پولیس نے خطرناک ڈاکو سمیت قتل، منشیات اور پولیس مقابلوں میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ ایس ایس پی آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق تھانہ ماہوٹا کی پولیس نے چیکنگ کے دوران آگانی موڑ کے قریب مختلف تھانوں کے 5 مقدمات سمیت چوری، ڈکیتی اور اغوا جیسے 34 مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو اسلم چانڈیو کو پسٹل اور گولیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

علاوہ ازیں رتوڈیرو پولیس نے روپوش ملزم غازی رند اور شہدادکوٹ روڈ سے ملزم غلام حسین لہر کو پسٹل اور گولیوں سمیت، تھانہ ولید کی پولیس نے مطلوب ملزم غلام حسین لٴْہر کو پسٹل اور گولیوں سمیت، تھانہ بقاپور کی پولیس نے مطلوب ملزم شاہنواز کلہوڑو کو رائفل اور گولیوں سمیت، تھانہ حیدری پولیس نے گندے کنوے کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ملزم برکت علی بروہی کو تین کلو چرس سمیت، تھانہ ماہوٹہ کی پولیس نے نوڈیرو روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے روپوش ملزم شمس الدین اوڈو کو تین کلو چرس جبکہ تھانہ تعلقہ پولیس نے ملزم غلام شبیر شر کو تین کلو چرس سمیت گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی لاڑکانہ کامران نواز نے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کو ہر صورت میں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے بہتر کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعریفی اسناد دیں۔

متعلقہ عنوان :