سال نو کے موقع پر ضلع دکی کے عوام کو خوشحالی اور ترقی یافتہ دکی کی نوید دیتے ہیں ،اس سال ضلع دکی میں کئی ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے،صوبائی مشیر برائے صنعت سردار زادہ در محمد خان ناصر

پیر 2 جنوری 2017 23:19

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء)صوبائی مشیر برائے صنعت سردار زادہ در محمد خان ناصر نے کہا ہے کہ سال نو کے موقع پر ضلع دکی کے عوام کو خوشحالی اور ترقی یافتہ دکی کی نوید دیتے ہیں اس سال ضلع دکی میں کئی ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے۔ جس سے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئیگی اور انہیں سہولتیں ملیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ضلع دکی کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر در محمد ناصر نے کہا کہ سال 2016ہماری سیاسی زندگی کی شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جب ہم نے ترقی یافتہ دکی کی بنیاد رکھتے ہوئے اسے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ضلع کے درجہ دلوایا اور ہم اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ضلع دکی کے تمام قبائل اور آباد کار بھائیوں کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری سیاست اور خدمات کے علاوہ ترقیاتی منصوبے تمام عوام کیلئے ہیں کیونکہ ہم ضلع دکی کے نمائندے ہیں در محمد خان ناصر نے کہا کہ حکومت بلوچستان دکی جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں صوبے کے کونے کونے میں ترقی کا دور دورہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دکی میں سال نو میں بہت اہم ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے تو اس سے علاقے کا نقشہ بدل جائے گا۔