بہترین کارکردگی پرچارسدہ شبقدر پولیس کے اہلکاروںکو توصیفی اسنادسے نوازاگیا

پیر 2 جنوری 2017 23:17

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میںضلع چارسدہ شبقدر پولیس کے اہلکاروں کو شادی کی تقریب میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اُتارنے اور دو خواتین اور ایک شخص کو زخمی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق پچھلے دنوں شادی کی ایک تقریب میں بارات گاوں کتوزئی سے پشاور کے لئے روانہ ہوئی ۔ اس دوران بارات میں شامل چند افراد کے مابین تلخ کلامی ہوئی ۔ جس پر چند مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص لگ کر جان بحق اور دوخواتین اور ایک شخص شدید زخمی ہوگئے۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزمان نے خودساختہ علاقہ شہید بانڈہ میں پناہ لی۔

پولیس کے لئے ملزمان کی گرفتاری ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ۔ پولیس کو جب ملزموں کی خود ساختہ علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی تو ایس ایچ اُو شبقدر نے سادہ کپڑوں میں خود ساختہ علاقہ جاکر اپنے مقامی زرائع سے ملزمان کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔ اگلی صبح سویرے ڈی ایس پی شبقدر محمد فیاض خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے سفید کپڑوں میں ملبوس ہوکر خودساختہ علاقہ سے ماربل لانے والے ٹرک میں بیٹھ کر صبح کی اذان سے پہلے پہلے مذکورہ ٹھکانے پر چھاپہ مارکر چاروں ملزمان سلیم، کامران ، واجداور امیر کو گرفتار کرکے اُن سے وقوعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ دو عدد کلاشنکوف اور ایک عدد پستول بھی برآمد کرلیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے اس کیس میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے ارکان کی دن رات سخت کاوشوں کی تعریف کی۔ آئی جی پی نے ملزمان گرفتارکرنے کے پولیس چھاپہ مارٹیم کے طریقہ کاراور پیشہ ورانہ مہارت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔آئی جی پی نے کہا کہ پولیس سے عوام نے بہت زیادہ توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیںاور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ تجربے سے سرشار ہوکر دل لگا کر اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے آگے بڑھے۔ اور ہر ایک وقوعہ کو بطور چیلنج قبول کرکے اس کو ورک آئوٹ کرنے کے لیے اپنی پوری استعداد کار اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اللہ تعالیٰ اُنہیں ضرور کامیابی و کامرانی سے سرفراز کرے گا۔

متعلقہ عنوان :