وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی کوئٹہ میں سکیورٹی فورس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی مذمت

پیر 2 جنوری 2017 23:15

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں سیکیورٹی فورس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں سکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا ۔

سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں صوبے میں امن قائم ہوا ہے جسے کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت پختہ عزم رکھتی ہے جس کے لئے ہمیں عوام کابھرپور تعاون حاصل ہے۔ پولیس، ایف سی، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر تمام ادارے امن کے قیام کے لئے اپنے فرائض بھرپور طریقے سے ادا کررہے ہیں جنہیں صوبے کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :