بلاول بھٹو زرداری کی پشاور، سکھر اور کندھکوٹ کے پریس کلبز کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

پیر 2 جنوری 2017 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور، سکھراور کندھکوٹ کے پریس کلبس کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے ان عہدیداروں میں نوجوان اور سینئر صحافیوں کے انتخاب کو بھی سراہا ہے، نو منتخب عہدیداروں کے نام اپنے مبارکباد کے پیغامات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2017تبدیلی کا سال ہے ، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سیاست اور صحافت خود کو مثبت تبدیلی کے ذریعے آگے لائیں گے اور معاشرے کو 21ویں صدی کی تقاضاں کے مطابق بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی اور صحافیوں نے ہمیشہ آمروں اور آمریتی حکومتوں کے خلاف جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی ملک کی بہتری کے لیے اس غیر اعلانیہ اتحاد کو جاری رکھا جائے گا۔