سراج الحق کی زیر صدارت اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

پانامہ لیکس کیس کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور

پیر 2 جنوری 2017 22:53

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی صدارت میں جماعت اسلامی کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا ، جس میں پانامہ لیکس کیس کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرف سے کیس کی سماعت کے لیے تشکیل دیے گئے پانچ رکنی بنچ کا خیر مقدم کیا گیا اور اس امید کااظہار کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ سے قوم نے جو امیدیں باندھ رکھی ہیں ، وہ انشاء اللہ پوری ہوں گی ۔

(جاری ہے)

ملکی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔ ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر اس شخص کا احتساب چاہتی ہے جس نے قومی خزانے کو لوٹا یا بینکوں سے قرضے لے کر ہڑپ کر لیے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیںکہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب پہلے ہو تاکہ دوسروں کو بھی احتساب کے کٹہرے میں لایا جاسکے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کا احتساب ہو کررہے گا۔