تاسیس جمعیت اجتماع خطے کی صورتحال کے تناظر میں تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا، مولانا گل نصیب

اتوار 1 جنوری 2017 22:30

پشاور۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) اپریل میں عالمی اجتماع تاسیس جمعیت اجتماع خطے کی صورتحال کے تناظر میں تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا، مغربی تہذیب کا راستہ روکنے اور اسلامی تہذیب کا دفاع کرنے کیلئے جمعیت علماء اسلام تن تنہا جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان نے مدین ضلع سوات میں تاسیس جمعیت کے عالمی اجتماع کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

جلسہ عام سے ضلع سوات کے امیر قاری محمود، جنرل سیکرٹری حاجی اسحاق زاہد اور مقامی رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔ مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ اکابرین جمعیت علماء اسلام کی سو سالہ تاریخ قربانیوں اور جدوجہد پر مشتمل ہے، جنہوں نے سامراجی اور استحصالی قوتوں کے خلاف نبرد آزما ہو کر ایک تاریخ رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ اسمبلی کے اندر اور باہر امت مسلمہ کی رہنمائی کا حق ادا کیا ہے اور آج بھی مغربی ایجنڈے کے خلاف تن تنہا میدان عمل میں آکر اپنا فریضہ انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت مغربی ایجنڈے اور تہذیب کو ملک پر مسلط کرنے کیلئے کچھ قوتوں کو کھلی چھٹی دیدی گئی ہے لیکن جمعیت علماء اسلام اسلامی تہذیب کا دفاع اور مغربی تہذیب کا راستہ روکنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ 7,8,9 اپریل 2017کو عالمی اجتماع اسلام قوتوں کو یکجا کرنے اور امت مسلمہ کی رہنمائی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع میں لاکھوں عوام شرکت کرکے مظلوم قوتوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرینگے۔

متعلقہ عنوان :