ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال کیلئے 3جدی ترین ایمبولینسیں فراہم کردی گئیں

اتوار 1 جنوری 2017 22:20

خانیوال ۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہانے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سرکار ی ہسپتالوں میں جدید طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے تاکہ لوگوں کا معیاری اور بہتر علاج کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں حکومت پنجاب کی طرف سے جدید طبی سہولتوں سے لیس فراہم کردہ 3ایمبولینسز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹی ڈاکٹر امان اللہ طاہر ، ڈاکٹر سجاد سیال سمیت ملازمین بھی موجود تھے ،ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کر دہ آرام دہ اور جدید طبی آلات سے آراستہ ایمبولینسوں سے ضلع خانیوال کے مریض بھرپور استفادہ کریں گے اور ایمر جنسی مریضوں کو بڑے سرکاری ہسپتالوں میں منتقلی کیلئے آرام دہ اور طبی سہولتوں سے معمور سفر میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹی نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے فراہم کر دہ ایمبولینسیں بی پی آپریٹس ،آکسیجن، سکر مشین، ایمرجنسی فسٹ ایڈ ، فولدایبل اسٹریچر اور ڈاکٹر سیٹ سمیت ہر ایمبولینس میں اٹینڈنٹس کیلئی3اضافی سیٹیں موجود ہیں انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کی طرف سے ملنے والی ان ایمبو لینسوں سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی مریضوں کیلئے میڈیکل سروسز میں مزید بہتری آئے گی اور مریضوں کو بر وقت بڑے ہسپتال میں منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے گا۔