باعزت ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفے سے کم نہیں ہے،فیسکو چیف انجینئر

اتوار 1 جنوری 2017 22:20

فیصل آباد۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) چیف انجینئر پلاننگ اینڈ ڈیزائن انجینئر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ مدت ملازمت پوری کرکے باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفے سے کم نہیں ہے‘ اچھی افرادی قوت اور ٹیم اداروں کا اثاثہ ہوتی ہے۔افرادی قوت اداروں کے استحکام اور ان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

وہ فیسکو سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران ڈائریکٹر (مارکیٹنگ اینڈ ٹیرف)رانا محمد سلیم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر(پی اینڈ ڈی) انعام احمد اورمرزا محمد یعقوب کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسکوسے ریٹائرڈ ہونے والے مذکورہ افسران نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ فیسکو میں فرائض سرانجام دیتے ہوئے گزارا‘ ان کا اپنے افسران اورماتحتوں سے برتائو ہمیشہ مثالی رہا ہے محکمہ میں ان کی کمی ایک عرصہ تک محسوس کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کے لئے کمپنی اور افسروں کے دلوں کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر فرسٹ سرکل بشیر احمدگجر اور دیگر افسران نے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کی شخصیت اور ان کے کام کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خوش اخلاقی اور خوش خلقی کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔انھو ں نے ہمیشہ ملازمین اور صارفین کے ساتھ انتہائی نرم رویہ اپنائے رکھا اور ماحول کو ہمیشہ خوشگوار رکھتے ہوئے کام کو بہترین طریقے سے انجام دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہونیوالے افسران نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پر تمام افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گذشتہ تمام عرصہ میں انہیں سب کاتعاون حاصل رہا اور انہوں نے اپنی محکمانہ ذمہ داریوںسے عہدہ برا ہونے کی بھرپور کوششیں کیں۔تقریب کے آخر میں چیف انجینئر پلاننگ اینڈ ڈیزائن انجینئر مجاہد پرویز چٹھہ نے فیسکو سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کو تحائف دئیے۔تقریب میں افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔