حکومت ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز پر پہنچا رہی ہے،عوامی نمائندے ساڑھے تین سال سے عوام کی صدق دل سے خدمت کر رہے ہیں ،وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان

اتوار 1 جنوری 2017 22:20

گوجرانوالہ ۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز پر پہنچا رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے عوامی نمائندے ساڑھے تین سال سے عوام میں موجود ہیں اورصدق دل سے ان کی خدمت کر رہے ہیں ،نیا پاکستان بنانے کے دعوے کرنے والوں نے کے پی کو کھنڈر بنا دیا ،گوجرانوالہ کی ترقی عوام کے درست فیصلے سے ممکن ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ منہاس پورہ نعمانیہ روڈ پر مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوںکے افتتاح کے موقع پراہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے خلاف سازشیں کرنے والے عوام کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں اور عوام جان گئے کہ ان کا ایجنڈہ حکومت کا ہاتھ روک کر عوام کو ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بے مثال کامیابی لیگی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، ایم پی اے عبدالرئوف مغل نے کہا کہ محمد شہباز شریف نے صحت ،تعلیم اور انفراسٹرکچر کے لئے گوجرانوالہ کو بھاری فنڈز مہیا کئے ہیں جن کی ایک ایک پائی عوام پر پوری دیانتداری سے خرچ کی جا رہی ہے ، 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ ن پہلے سے بھی زیادہ اکثریت لے کر مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

اس موقع پرسٹی نائب صدرانعام اللہ اپل ،سمیع اللہ اپل ،میاں مصدق حسین ،سفیان ظفر مغل ،ادریس مغل ،چوہدری ریاض رندھاوا ایڈووکیٹ ،شیخ محمد یوسف،رحمت اللہ مغل ،ملک فیصل ،سلمان حسن سیٹھی ،چوہدری فراست اللہ ،عاشر جوزف ،شیخ اجمل بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر گلیوں کی تعمیر کے لئے منہاس پورہ پہنچے تو اہل علاقہ ومقامی خواتین نے انکا والہانہ استقبال کیاان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔