کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ ڈائریکٹر پی ایس بی لیاقت چانڈیو

اتوار 1 جنوری 2017 22:10

کراچی ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر کے ڈائریکٹر لیاقت چانڈیو نے کہا ہے کہ سینٹر میں زیر تکمیل پراجیکٹس اور تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کر لیا جائے گا، سینٹر میں کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اتوار کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے لیاقت چانڈیو نے کہا کہ تیسری مرتبہ ڈائریکٹر کا چارج سنبھالنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ1998 ء اور2012 ء میں بھی منتظم اعلیٰ کی ذمہ داری بخوبی سرانجام دے چکا ہوں تاہم اس وقت سینٹر کی حالت کئی درجہ بہتر تھی، مستقل ڈائریکٹر مقرر نہ ہونے کی وجہ سے بھی سینٹر میں ترقیاتی کام درست سمت میں نہیں ہو سکے تاہم کوشش ہوگی کہ سینٹر کی رونقیں بحال کی جائیں، سینٹر کے ممبران کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر کراچی سے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور ہمارے سینٹر کے کھلاڑی صوبائی سطح سمیت قومی و عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔