صوبائی وزیر بلدیات کا سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 1 جنوری 2017 22:00

سیالکوٹ۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، سٹی نائب صدر پی ایم ایل این شیخ ناصر، مرزا ابرار بیگ ، شیخ گڈو ، رانا عبد الوحید ،ٹی ایم او ظفر قریشی، حمید ڈار، مہر خرم اور مرزا اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے شہریوں کے مختلف ضلعی و صوبائی سرکاری محکموں کے بارے میں شکایات کی سماعت کے دوران موقع پر موجود مختلف سرکاری محکموں کے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور شہریوں کو درپیش انفرادی و اجتماعی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

(جاری ہے)

محمد منشاء اللہ بٹ نے ضلع کونسل سیالکوٹ ، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے نو منتخب سربراہان اوربلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کیلئے حل اور خدمت کیلئے دل وجاں سے کوشش کریں نیز اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے کیونکہ ان کو ملنے والا منصب صرف صرف عوام کی خدمت کا متقاضی ہے ۔

انہوں نے کہابلدیاتی ادارے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کیلئے قائم کئے گئے ہیں اور قوی امید ہے کہ صوبہ میںاس نظام کے فعال ہونے سے عوامی مسائل نچلی سطح پر ہی حل ہونگے جس سے ترقی کی رفتار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ترقی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے اور ان کو بروقت مکمل کرنے کیلئے بلدیاتی نمائندے تعمیر نو کے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت ترقی کے اہداف کو حاصل کررہی ہے اور 2016ء میں دہشت گردی ، لوڈشیڈنگ جیسے مسائل پر قابو پایا گیا ہے جس سے ناصرف امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے بلکہ حکومتی پالیسوں کی بدولت معاشی ترقی کی شرح میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری حقیقی معنوں میں گیم چینج منصوبہ ثابت ہورہا ہے اور اس کی تکمیل سے پاکستانی کی جغرافیائی اہمیت دنیا پر عیاں ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2017ء پاکستان کیلئے کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کی اہم سنگ میل امسال عبور ہونگے اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔