بلوچستان کے عوام مردم شماری کیخلاف نہیں،غیر ملکیوں سے متعلق تحفظات دور کئے جائیں،سینیٹر نعمت اللہ خان زہری

پاکستانیوں کو اپنی آنکھوں میں جگہ دیں گے، غیر ملکیوں کو مردم شماری میں شامل ہونے نہیں دیں گے، رہنما ن لیگ کا بیان

اتوار 1 جنوری 2017 18:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر نوابزادہ میر نعمت اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام قطعی طور پر مردم شماری کیخلاف نہیں البتہ غیر ملکیوں کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنے کی ضرورت ہے بلوچستان کے عوام تمام پاکستانیوں کو اپنی آنکھوں میں جگہ دیں گے لیکن غیر ملکیوں کو مردم شماری میں ہرگز شامل ہونے نہیں دیں گے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزیہاں جاری ہونیوالے اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام تین دہائیوں سے ہمسایہ ملک کے باشندوں کی مہمان نوازی کر چکے ہیں افغان مہاجرین عالمی معاہدہ اور قوانین کے تحت بلوچستان میں آباد تو ہوئے لیکن عالمی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر ملکی بلوچستان سمیت ملک بھر میں آباد ہو گئے اور پاکستانی دستاویزات حاصل کر چکے ہیں جن کی تنسیخ ناگزیر ہے صوبے کی تمام سیاسی جماعتیں مردم شماری کے حوالے سے متفق ہیں لیکن بلوچستان کے عوام کے تحفظات کو ترجیح دینی ہوگی مردم شماری ایک قومی مسئلہ ہے اس پر ووٹ بینک سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مد نظر رکھنا ہوگا غیر ملکیوں کو مردم شماری میں شامل کرنے سے جغرافیائی تبدیلی ہوگی ۔