ساہیوال میں دھند کے سبب ٹریفک حادثات چھٹی جماعت کے طالب علم سمیت 3جاں بحق، 21شدید زخمی

اتوار 1 جنوری 2017 16:10

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) یہاں نواح میں دھند کے سبب ٹریفک کے حادثات کے دوران ایک عورت ، چھٹی جماعت کے طالب علم سمیت تین افراد جاں بحق اور 21شدید زخمی ہو گئے ۔ جن میں چار زخمیوں حنیفاں بی بی 65سالہ، علی احمد 32سالہ ، عبدالشکور 28سالہ اور غلام حسین 20سالہ کی حالت تشویش ناک ہے۔ پہلا حادثہ نور شاہ یوسف والا روڈپر چک 4-68آر کے قریب ہوا یہاں دھند کے سبب موٹر سائیکل ، موٹر سائیکل میں ٹکرانے کے نتیجہ میں 50سالہ میندار غلام حسین جاں بحق اور اسکا بھائی غلام میراں شدید زخمی ہوگیا ۔

دوسرا حادثہ فتو والا موڑ ڈیرہ رحیم روڈ پر چک 9-106ایل کے قریب ایک موٹر سائیکل گدھا گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار چھٹی جماعت کا طالب علم سعید علی 12سالہ جاں بحق اور اسکا باپ محمد علی شدید زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

تیسرا حادثہ غلہ منڈی ریلوے پھاٹک کے قریب ہوا یہاں محمد اسلم کی 60سالہ بیوی زبیدہ موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں نیورو سرجری وارمیں دم توڑ گئی۔

چوتھا حادثہ ساہیوال فیصل آباد روڈ پر منڈھالی کے قریب ہوا یہاں 2کاریں 3ٹرک اور ایک مسافر بس آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں 19افراد شدید زخمی ہو گئے ایک کار نمبر1305ایل ای ، مزدا ٹرک نمبر 2383ایف ایس سی سے ٹکرا گئی جس پر ایک ٹرک نمبر 028ڈی آر ڈی چڑھ گیا جس کے بعد اس ٹرک کی نیو چوہدری کمپنی کی مسافر بس نمبر1857ایل ڈبلیو این آٹکرائی اور اس گاڑی کے پیچھے آنے والا ٹرک نمبر 7259آر آئی پی آ ٹکرایا جس کے پیچھے ایک کار نمبر 1232ایف ایس آ ٹکرائی ان حادثات کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے 19افراد میں سے 4کی حالت نازک ہے حنیفاں بی بی ، علی احمد اور عبدالشکور کار سواروں کا تعلق 47ای بی عارف والا سے ہے جبکہ غلام حسین اڈا بوٹی پال کا رہنے والا ہے ۔

پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :