اکادمی ادبیات کے زیر اہتمام چار روزہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس 5 جنوری کو شروع ہوگی

اتوار 1 جنوری 2017 16:00

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام ’’زبان ، ادب اور معاشرہ ‘‘ کے موضوع پر چار روزہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس 5 جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ کانفرنس میں پاکستان اور بیرون ملک سے اہل قلم، شاعر،سکالرز ، محققین سمیت ساڑھے پانچ سو مندوبینشرکت کریں گے۔

کانفرنس کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے ادیبوں کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج لانا ہے۔ اس کانفرنس کا نمایاں امتیاز یہ ہے کہ زبان ، ادب اور معاشرہ کے موضوع پر تقریباً تین سو محققین،سکالرز تحقیقی مقالے پیش کریں گے، جن میں اکثریت خواتین سکالر زکی ہے ۔کانفرنس کا افتتاح 5 جنوری کواسلام آباد میں ہوگا۔افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو،ابتدائیہ پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اکادمی کی طرف سے ایوارڈ یافتہ فلم کا گیت پیش کیا جائے گا۔ ترکی کے اسکالرپروفیسر ڈاکٹر حلیل توکرکانفرنس کی تھیم کے حوالے سے کلیدی خطاب کریں گے۔ اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے دیے جانے والے کمال فن ایوارڈزبرائے سال2011تا2015کی شیلڈز ادیبوں کو پیش کی جائیں گی۔ افتتاحی سیشن کے اختتام پر پاکستانی زبانوں کا مشاعرہ ، 5بجے شام، منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے شعراء کرام پاکستانی زبانوں میں کلا م پیش کریں گے۔

یہ کانفرنس چار دن جار ی رہے گی۔ کانفر نس کے اکیڈمک سیشن6تا 8جنوری2017 اسلام آباد ہوٹل میں ہوں گے جس میں زبان، ادب اور معاشرہ کے حوالے سے مضامین پیش کیے جائیں گے۔اکیڈمک سیشن میں ادب، زبان اور معاشرہ کے موضوع پر ایک دن میں بیس اجلاس ہوں گے اس کے علاوہ پاکستانی زبانوں کے نامور ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کے ساتھ ملاقات اور نامور اہل قلم کی یاد میں سیشن بھی منعقد کیے جائیں گے۔