برکس ممالک روشن مستقبل کیلئے شراکت داری کو فروغ دیں ، چین صدر

برکس کانفرنس میں رکن ممالک کے تعاون میں ایک نئی روح پھونک دی ہے برکس نے عالمی معیشت ، گورننس اور تعلقات میں اہم کردار ادا کیا ہے ، شی چن پھنگ کا مکتوب

اتوار 1 جنوری 2017 15:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) چین کے صدر شی چن پھنگ نے برکس ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روشن مستقبل کیلئے باہمی شراکت دار ی کو فروغ دیں ،گذشتہ عشرے کے دوران برکس ممالک نے سیاست ،معیشت اور عوامی تبادلوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے کامیاب مشترکہ کوششیں کی ہیں اور انہوں نے اپنے رہنمائوں کی کانفرنس میں بھی بڑی جدوجہد کی ہے جس نے ان ممالک کے تعاون میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چین کے صدر شی نے برکس ممالک کے رہنمائوں کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں کیا ہے ۔چینی صدر نے یہ مکتوب برازیل کے صدر مائیکل تیمر ،روس کے صدر والادی میر پیوٹن ، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کو ارسال کئے ہیں ، ان مکتوبات میں چینی صدر نے برکس ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے بارے میں ایک پروگرام بھی پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چین 2017ء میں زیامن میں برکس رہنمائوں کی نویں کانفرنس کی میزبانی کرے گا اور اس حوالے سے چین برکس کانفرنس کی صدارت کریگا ،برکس ممالک کا تعاون ترقی پذیر ممالک کی معیشت کیلئے ایک مثال کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس نے برکس ممالک کے درمیان مقامی اور عالمی معیشت کی ترقی ، عالمی گورننس کی بہتری اور عالمی تعلقات میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں برکس تعاون کا دو سرا عشرہ شروع ہورہا ہے ، اس لئے ان ممالک کو اپنے تعاون میں بہت زیادہ اضافہ کرنا چاہئے اور بین الاقوامی امور میں اپنا زیادہ کردار ادا کرنا چاہئے ، عالمی غیر یقینی اور غیر مستحکم صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے برکس ممالک کو اپنی یکجہتی ، تعاون اور اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔چینی صدر نے کہا کہ چین کے ساحلی صوبے فوجیان کے شہر زیامن میں آئندہ ستمبر میں ہونیوالی برکس کانفرنس میں مشترکہ ترقی ، عالمی گورننس کو درپیش چیلنج کا مقابلہ کرنے ، عوام کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے اور شراکت داری کامیکنزم مزید وسیع کرنے کے لئے عملی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کھلے ، بے مثال اور باہمی مفادات کے جذبے کے تحت چین دوسرے برکس ممالک کے ساتھ کام کرے گا تا کہ زیامن کانفرنس کامیاب ہو اور برکس ممالک کے درمیان تعاون نئی بلندیوں کو چھو سکے ، برکس تعاون میکنزم 2006ء میں قائم کیا گیا تھا جبکہ پہلی برکس کانفرنس روس میں 2009ء میں منعقد ہوئی تھی ، جنوبی افریقہ 2010ء میں برکس میں شریک ہوا جس کے بعدBric کے ساتھ Sکا اضافہ کر دیا گیا ، اب تک آٹھ برکس کانفرنسیں منعقد ہو چکی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :