پیپلز پارٹی کے متحرک ہونے سے پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہے،سینیٹر سعید غنی

سابق رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کے خلاف انتقامی کارروائی شرمناک ہے،پی پی رہنما

اتوار 1 جنوری 2017 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے متحرک ہونے سے پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر سیاسی انتقامی کارروائی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی کی خاتون رہنما جو سابق رکن قومی اسمبلی ہیں کو پولیس کے ذریعے خوفزدہ کرنے کا عمل انتہائی شرمناک ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ہاتھ معصوم انسانوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمے دار قانون کی پہنچ سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون جیسا واقعہ اگر سندھ میں ہوتا تو وزیراعلیٰ سندھ کو پھانسی دی جا چکی ہوتی۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ملک میں قانون کو امتیازی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثمینہ خالد گھرکی کے خلاف پولیس کے ذریعے جھوٹی ایف آئی آر نے پنجاب کی حکومت کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے۔۔۔۔طارق