سردار نسیم نے بطور مئیراورطارق محمود نے ڈپٹی مئیرمیونسپل کارپوریشن راولپنڈی کا حلف اٹھالیا

اتوار 1 جنوری 2017 15:00

مری ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) سردار نسیم نے بطور مئیراورطارق محمود نے ڈپٹی مئیرمیونسپل کارپوریشن راولپنڈی کا حلف اٹھالیا،اس سلسلہ میں حلف برداری کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈمنسٹریٹر راول ٹائون راولپنڈی نے نومنتخب مئیراور ڈپٹی مئیرسے حلف لیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی راہنما راجہ عتیق سرور، وزارت پٹرولیم کے معاون حافظ عثمان عباسی،مسلم لیگ ن تحصیل مری کے صدر راجہ دفتر عباسی ،جنرل سیکرٹری حق نواز عباسی، الماس عباسی منتخب چیئرمینوں ،کونسلروں ،معززین علاقہ اور متعلقہ افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مذکورہ راہنمائوں نے نومنتخب مئیرسردار نسیم کو بلا مقابلہ منتخب ہونے اور حلف اٹھانے پر دلی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اورمیاں شہباز شریف نے ایک لیگی کارکن کو مئیر بنا کر لیگی کارکنوں کے حوصلے بلند کردئیے ہیں انہوںنے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ وہ بطور مئیر راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں اضافہ کرینگے۔