’’آئی این پی‘‘ کے چیف نیوز ایڈیٹر نصیر احمد قریشی کی والدہ انتقال کرگئیں

نمازجنازہ آبائی گائوں جھوک قریشیاں میں ادا ،سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد میں شرکت اسلام آباد کی صحافی برادری کا نصیر احمد قریشی کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی

اتوار 1 جنوری 2017 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء)ملک کے معروف خبر رساں ادارے ’’آئی این پی‘‘ کے چیف نیوز ایڈیٹر اور ریڈیو پاکستان کے ویب ڈیسک کے سینئر ورکر نصیر احمد قریشی کی والدہ اتوار کی صبح وفات پا گئی ہیں‘ ان کی نمازجنازہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کے آبائی گائوں جھوک قریشیاں میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب ‘دوست احباب اورسیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اسلام آباد کی صحافی برادری نے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نصیر احمد قریشی کی والدہ جنہیں 2 روز قبل دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ہی ہسپتال میں داخل تھیں اتوار کی صبح خالق حقیقی سے جا ملیں ۔ان کی والدہ کی وفات پر ادارہ ’’آئی این پی‘‘ کے چیف ایڈیٹر آصف صلاح الدین ‘ ایڈیٹر طارق محمود سمیر سمیت اسلام آباد کی صحافتی برادری نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔ قبل ازیں مرحومہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں جھوک قریشیاں میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب ‘دوست احباب اورسیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ …(رانا)