پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے سال کے پہلے روز جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

اتوار 1 جنوری 2017 14:40

نئی دہلی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان اور بھارت نے نئے سال کے پہلے روز ہر سال کی طرح جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا، 1988 کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہ کرنے کے پابند ہیں۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک بھارت اور پاکستان کے درمیان 1988 کے معاہدے کے تحت جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کی شرط کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہ کرنے کے پابند ہیں۔بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد 1992 سے ہر نئے سال کے دن جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔پاکستانی دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں پاکستانی جوہری تنصیبات کی تفصیل بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کے حوالے کی جبکہ بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں یہ فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔بھارتی وزارت کے مطابق دونوں ممالک کی جیلوں میں قید, قیدیوں کی فہرستوں کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان ہرسال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :