حکومت نے صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے قدامات کر کے ترقی کی راہیں ہموار کر دی ہیں،مقامی حکومتوں کے ذریعے مسائل کے حل میں بے حد مدد ملے گی، رانا محمد ارشد

اتوار 1 جنوری 2017 14:40

لاہور۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)معاون خصو صی وزیر اعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد تاریخی اور دور رس نتائج کے حامل اقدامات کر کے ترقی کی راہیں ہموار کر دی ہیں،پنجاب اسمبلی میں اس حوالے سے تاریخ ساز قانون سازی عمل میں لائی گئی جس کی ملک کے کسی اور صوبے میں مثال نہیں ملتی۔

اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ ن کے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مسلم لیگی کارکنوں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ اگلے سال صوبہ بھر میں ہیلتھ اور ایجوکیشن ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کام کا آغاز کر دیں گی جس سے نچلی سطح پر مقامی حکومتوں کے ذریعے مسائل کے حل میں بے حد مدد ملے گی۔ حکومت نے مقامی حکومتوں کے لئے خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے جو صرف منتخب مقامی بلدیاتی نمائندوں کو تعمیر و ترقی کے لئے جار ی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تمام اختیارات منتخب نمائندوں کو حاصل ہونگے جس سے اضلاع کی سطح پر روزگار کی فراہمی، سکولوں میں سہولیات اور تزئین و آرائیش، تبادلوں و دیگر معاملات میں بہتری آئے گی۔ رانا محمد ارشد نے کار کنوں کی طرف سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مخالفین اپنے دور کو یاد کریں جب عوام بنیادی سہو لیات کی تلاش میں ان کے دفتروں اور گھروں کے سینکڑوں چکر لگا لگا کر تھک جاتے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ماضی کی تمام حکومتوںکی غلط پالیسیوں اور طریقہ کار کا اپنی بہترین پالیسیوں اور حکمت عملیوں کے ذریعے مداوا کیا۔وزیر اعلی کی سربراہی میں صوبہ بھر میں میگا پراجیکٹس کا جال بچھادیا گیا ہے۔حکومت کی ہدایت پر تمام ممبران اسمبلی اپنے اپنے حلقے میں پائے جانے والے ایشو کو بھر پور طریقہ سے حل کرانے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کے اپوزیشن نے ہمیشہ صوبائی اسمبلی کو اکھاڑہ بنائے رکھنے کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔اب وقت کا تقاضہ ہے کہ اپوزیشن تحمل مزاجی سنجیدہ پن کا مظاہرہ کرے۔