کسی سطح پر اختیارات کی کوئی جنگ نہیں ،کمشنری نظام کو بلدیاتی نمائندوں پر سبقت حاصل ہونے کی باتیں درست نہیں ‘ لارڈ میئر

حکومت کی تمام مشینری کا مقصد عوام کی خدمت ہے ،کابینہ کی میٹنگز چل رہی ہیں ،ایک دو روز میں سب واضح ہو جائیگا‘ مبشر جاوید کی گفتگو

اتوار 1 جنوری 2017 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) لاہور کے لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا ہے کہ کسی سطح پر اختیارات کی کوئی جنگ نہیں ،کمشنری نظام کو بلدیاتی نمائندوں پر سبقت حاصل ہونے کی باتیں درست نہیں بلکہ حکومت کی تمام مشینری کا مقصد عوام کی خدمت ہوتا ہے ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013اور ترمیمی ایکٹ 2016بڑا واضح ہے ، کابینہ کی میٹنگز چل رہی ہیں اور آنے والے ایک دو روز میں سب واضح ہو جائے گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے اور اس کیلئے اندرونی اور بیرونی خطرات پرنظر رکھنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے منصوبوں کی تعمیر صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا استحقاق ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں عوامی فلاح کے میگا منصوبے شروع کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جہاں تک بلدیاتی حکومتوں کا تعلق ہے تو ہم اپنے دائرہ اختیار کے مطابق کام کریں گے۔

عوام کو صاف پانی ،بنیادی تعلیم اور صحت کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی ضلعی حکومت کیلئے 319ممبران کا ہائوس ہے اور تمام کے تمام گلی محلوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ہم شہر کی بہتری اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت سے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ انہوں نے اختیارات کے حوالے سے آنے والی خبروں بارے سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے حلف اٹھانے کے بعد بھی واضح کیا تھا کہ کسی بھی سطح پر اختیارات کی کوئی جنگ نہیں۔

اگر ہم کام کریں گے تو اختیارات ہمارے پاس ہوں گے اگر ہم کام نہیں کریں گے تو اختیارات ہونے کا کیا فائدہ ہے ۔ کمشنری نظام کو بلدیاتی نمائندوں پر سبقت حاصل ہونے کی باتیں درست نہیں بلکہ ساری حکومتی مشینری کا مقصد عوام کی خدمت ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گونمنٹ ایکٹ 2013اور ترمیمی ایکٹ2016بڑا واضح ہے اس کے علاوہ کابینہ کی میٹنگز بھی چل رہی ہیں اور آنے والے ایک دو روز میں سب واضح ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :