نام نہاد تبدیلی کے دعویدارعمران خان نے سیاست میں محض احتجاج دھرنے اور غلط بیانی کی سیاست کو فروغ دیاہے ، سردار مہتاب خان

اتوار 1 جنوری 2017 14:10

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 41اسلام آباد کے چیئرمین سردار مہتاب احمد خان نے کہاہے کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویدارعمران خان نے سیاست میں محض احتجاج دھرنے اور غلط بیانی کی سیاست کو فروغ دیاہے،اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کو من و عن قبول کرنے کی بات کی تھی لیکن افسوس اس امر کا ہے کہ اب عمران خان دوبارہ احتجاج اور دھرنوں کی بات کرکے قومی اداروں کو دبائو میں لانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کہ الزام تراشی کی خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں،دھرنے والوں کی منفی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا ہے،دوسروں پر بے جا کیچڑ اچھالنے والے اپنے ہی ہاتھ گندے کررہے ہیں،سڑکوں پر تماشہ لگا کر ترقی کا راستہ روکنے والے کون سی ملک کی خدمت کررہے ہیں، کرپشن کے خلاف واویلا کرنے والوں کے اردگرد قرضہ خور اور قبضہ گروپ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنماسردار مہتاب احمدخان نے مزید کہاکہ پانامہ لیکس پر شور مچانے والے ملکی ترقی کا راستہ روکناچاہتے ہیں،پانامہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے فیصلہ کا انتظار کرنا چاہیے نہ کہ سڑکوں پر آ کر انتشار کی سیاست کو فروغ دیا جائے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کی جانب سفرکررہاہے، 2013ء میں عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کررہے ہیں ہم وعدوں کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات اٹھاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :