چودھری نثار علی خان پیپلزپارٹی کی کرپشن پرکمپرومائز نہیں کریں گے، شیخ قیصر محمود

اتوار 1 جنوری 2017 14:10

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اوورسیز کے جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمودنے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر چودھری نثار علی خان کوٹارگٹ بنا لیاہے،پیپلزپارٹی کی قیادت کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ چودھری نثار علی خان کچھ بھی ہوجائے پیپلزپارٹی کی کرپشن پرکمپرومائز نہیں کریں گے، چودھری نثار علی خان ایک خوددار محب وطن اور فرض شناس وزیرداخلہ کا کردار اداکررہے ہیں، ان کی ملک کیلئے کی جانے والی خدمات کو عوام کبھی فراموش نہیں کرے گی،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چودھری نثارعلی خان کے کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یا درکھاجائے گا۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ان کے حواریوں کاسیاسی باب بندہوچکا ہے،مخالفین اُن پر الزام تراشیوںکی بجائے پاکستان کی عوام کو سکھ کا سانس لینے دیں۔

(جاری ہے)

چودھری نثار علی خان پر تنقید کرنے والوں کی پوری پارٹی کرپشن کے سمندر میں غرق ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری پاکستان خطے کے ملکوں کیلئے سنہری مستقبل کی نویدہے،پاکستان کو معاشی طاقت بننے سے روکنے کیلئے سی پیک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں،عمران خان نے دھرنے کے بجائے اسمبلی میں گھیرائو شروع کردیا ہے،اگرپانامہ سیکنڈل درست ہے توثبوت کیوں نہیں لاتے،ردی کے ٹکڑے لانے کے بجائے ثبوت لائیں۔

مسلم لیگی رہنما شیخ قیصر محمود نے مزید کہاکہ عمر ان خان کی منفی سوچوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام شدید معاشی بحران سے دوچار ہو رہے ہیں جبکہ وہ اپنی سیاسی زندگی کو دوائم بخشنے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں،وہ کسی بھی صورت اپنے غیر آئینی اور غیر قانونی مقاصد میں کامیابی سے ہمکنار نہیں ہونگے۔شیخ قیصرمحمود نے کہاکہ عمران خان وفاقی حکومت کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائیں اور کارکردگی کی بنیاد پر2018ء کے الیکشن کی تیاری کریں۔