سی پیک منصوبہ پاکستان کے کامیاب مستقبل کا ضامن منصوبہ ہے بعض سیاسی جماعتیں اپنی ساکھ کو بچانے کیلئے اسی منصوبے کو منتازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں،ساجد عباسی

اتوار 1 جنوری 2017 14:10

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادسٹی کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین ایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے کامیاب مستقبل کا ضامن منصوبہ ہے بعض سیاسی جماعتیں اپنی ساکھ کو بچانے کیلئے اسی منصوبے کو منتازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں،عمران خان پہلے عدالت سے پانامہ لیکس کے معاملے پر کمیشن کے قیام کامطالبہ کرتے رہے مگر عدالت نے کمیشن بنانے کی بات کی تو یوٹرن لیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان جمہوری ملک ہے اوراس کی ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے،ملک کی ترقی کی خاطر کسی بھی حال میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینگے اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے کامیاب مستقبل اور معاشی استحکام کا ضامن منصوبہ ہے لیکن افسوس کہ بعض سیاسی جماعتیں پاکستان کے کامیاب مستقبل کو پس پشت ڈال کر منصوبے پراپنی سیاست چمکا رہے ہیں،حکومت کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائیں۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ عمران خان ملک پاکستان میں عدم استحکام کی سیاست کررہے ہیں،وزیراعظم نوازشریف نے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں معیشت کی بہتری کیلئے کام کیا اور دیگر اداروں میں بہتری لائی،دھرنوں کی سیاست کرنیوالے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں،عمران خان کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ایم ساجد عباسی نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکستان کو ایک کامیاب فلاحی ریاست بناناچاہتی ہے لیکن عمران خان غیرآئینی مطالبات پیش کرکے ملک میں جمہوریت اور عوام کو نقصان پہنچاناچاہتے ہیں عوام نے ایک بھاری مینڈیٹ کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :