حسن ابدال،دعوے نہیں صرف کام، کرپشن فری ادارے ہمارا خواب ہے ، ظہیر احمد

اتوار 1 جنوری 2017 14:00

حسن ابدال ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) نو منتخب چیئرمین میونسپل کمیٹی حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیانوالہ اور وائس چیئرمین زبیر اقبال خان نی کہا ہے کہ دعوے نہیں صرف کام، کرپشن فری ادارے ہمارا خواب ہے ،سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال مجاہد عباس،ٹی ایم او ساجد علی خان،راہنمامیجر گروپ چوہدری اسد محمود ،صدر مرکزی انجمن تاجراں چوہدری جمشید اختر،نو منتخب کونسلرز اور وکلاء برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس سے قبل نو منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کو جلوس کی شکل میں ان کی رہائش گاہ سے ٹی ایم اے ہال تک لایا گیا ،جہاں ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا اورجلوس کے شرکاء نے میجر گروپ کے حق میں نعرہ بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میجر گروپ کے نو منتخب کونسلر سعید اختر،اہم راہنما چوہدری اسد محمود ،کونسلر سرفراز اعوان،سید قمر شاہ،چیئرمین ظہیر احمد بھٹیاوالہ اور وائس چیئرمین زبیر اقبال نے تقریب سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حسن ابدال کی عوام نے میجر گروپ پرجس اعتماد کا اظہارکیا ہے اس پر ان کے شکر گذار ہیں، ہم بلا امتیاز ہر شہری کی خدمت کریں گے اور اس میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی۔ ظہیر احمد نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے،ٹی ایم اے افسران کی عزت نفس کا ہر صورت احترام کیا جائے گا مگر انہیں بھی عوام کے ساتھ اپنے رویے درست کرنا ہوں گے اور ٹی ایم اے کو کرپشن فری ادارہ بنانا ہو گا۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے چیئرمین آفس کا افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :