محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے آج سے نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون کے آغاز کااعلان کردیا

اتوار 1 جنوری 2017 13:30

فیصل آباد۔یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے نئے سال کے ۱ٓغاز کے باعث آج دو جنوری بروزپیرسے نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون کے آغاز کااعلان کر دیا ہے اور کہاہے کہ جن نادہندگان نے بار بار نوٹسز کے اجراء اور یاددہانیوں کے باوجود ابھی تک اپنے ذمہ واجب الادا سرکاری واجبات ادا نہیں کئے ان کے خلاف کریک ڈائون کاآغاز کیا جارہاہے جس دوران نادہندگان کے خلاف ہر قسم کی سماجی حیثیت کو بالائے تاک رکھتے ہوئے بلاامتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور سرکاری واجبات کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی وصول کیا جائیگا ۔

محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ نادہندگان کوکئی بار مطلع کیاگیا کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا رقوم جمع کروا دیں لیکن انہوںنے اس کاکوئی نوٹس نہیں لیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب نادہندگان کو 31 دسمبر تک کیلئے حتمی نوٹسز جاری کئے گئے تھے مگر پھر بھی بڑی تعداد میں پراپرٹی ٹیکس ، پروفیشنل ٹیکس ، موٹر وہیکل ٹیکس نادہندگان وغیرہ نے اپنے واجبات ادا نہیں کئے۔

انہوںنے کہاکہ اب ان کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے نہ صرف اصل رقم کے ساتھ بھاری سرچارج و جرمانہ وصول کیاجائیگا بلکہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی جائیدادیں سربمہر کرنے کے علاوہ ان کی قرقی و نیلامی کیلئے بھی کاروائی شروع کر دی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ موٹر وہیکل ٹیکس اد انہ کرنے والوں کی گاڑیاں بحق سرکار قبضہ میں لے لی جائیں گی اور نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں گرفتار کرنے سے بھی گریز نہیں کیاجائیگا۔