صوبے میں یوتھ کمیشن قائم کر دیا گیا ، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کو بھی جلد فعال کیا جائیگا‘ پارلیٍمانی سیکرٹری خزانہ

نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ اور پلے گرائونڈز کا قیام ضروری ہے‘ رانا بابر حسین

اتوار 1 جنوری 2017 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اورنوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات کئے ہیں،صوبے میں یوتھ کمیشن قائم کر دیا گیا ہے ، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کو بھی جلد فعال کیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبہ بھر میں کرکٹ اور پلے گرائونڈز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں 92 کرکٹ اور پلے گرائونڈز بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

کرکٹ گرائونڈز اور پلے گرائونڈز بنانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اور سکولوں میں موجود پلے گرائونڈز میں بھی کرکٹ کھیلنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا اورجن اضلاع کے سکولوں میں گرائونڈز بڑی ہیں، وہاں پر رات کے وقت کرکٹ کھیلنے کا انتظام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نئی بننے والی کرکٹ گرائونڈز میں فلڈ لائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ رات کے وقت ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے اور اس ضمن میں سکولوں کا جلد سروے کرا کر کرکٹ گرائونڈز کی نشاندہی کی جائے۔

نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ اور پلے گرائونڈز کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے اور ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بھی بنائی جائیں گی۔ انہو ںنے کہا کہ ای لائبریریز کے پروگرام کو جدت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔رواں مالی برس 10 ای لائبریریز کا قیام ہر صورت عمل میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :