پاکستان کی استنبول کے نائٹ کلب میں دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت، برادر ملک ترکی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی، پاکستان دہشتگردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی مذمت کرتا ہے، ترکی کے امن، استحکام، ترقی اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوں گی، ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 1 جنوری 2017 13:30

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان نے ترکی کے شہر استنبول کے نائٹ کلب میں دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے برادر ملک ترکی کے عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے استنبول کے نائٹ کلب میں دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کی اور اس پر شدید غم وغصے اور افسوس کا اظہار کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی اس بہیمانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ دھماکہ استنبول کے بیزک تاس کے ایک نائٹ کلب میں ہوا جس میں اطلاعات کے مطابق 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ بیان میں ترجمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے دہشتگردی کی اس بزدلانہ کارروائی میں ، جس میں نئے سال کی تقریبات منانے والوں کو نشانہ بنایا گیا، قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرہ خاندانوں اور ترک قیادت اور حکومت اور دیگر ممالک سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف ترکی کی حکومت اور عوام کے عزم کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان مصیبت کی اس گھڑی اور دہشتگردی کے خلاف ترک عوام کی جدوجہد میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دہشتگردوں نے درحقیقت ترکی میں امن، استحکام ، ترقی اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش کی ہے جو کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی مذمت کرتا ہے۔