وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترکی کے شہر استنبول میں دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت، ترک حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

دہشتگردی ہمارا مشترکہ دشمن ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دنیا کو مل کرجدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف

اتوار 1 جنوری 2017 13:30

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکی کے شہر استنبول میں سال نو کے موقع پر دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اس تکلیف دہ وقت میں ترکی کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی ہمارا مشترکہ دشمن ہے اور اس لعنت کے خاتمے کیلئے دنیا کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان نے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا نقصان اٹھایا ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان تمام تر اقدامات کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے دہشتگردی کی اس کارروائی میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب استنبول میں سانتاکلاز کے بھیس میں حملہ آوروں نے ایک نائٹ کلب میں حملہ کر دیا تھا جس میں 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔