مقبوضہ کشمیر میںبھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،سردار میراکبر خان

جنگ بندی لائن اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے ،وزیر جنگلات

اتوار 1 جنوری 2017 13:20

مظفرآبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2017ء) وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میںبھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ جنگ بندی لائن اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے ۔ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے لائن آف کنٹرول پر رہنے والے کشمیریو ں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرآبا دمیں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

انھوںنے کہا کہ بھارتی حکمران بھارت کے اندر سیاسی اقتدار کی خاطر مظلوم کشمیریوں کا خون بہا کر اور پاکستان کو نیچا دکھانے کی خاطر ڈرامہ کر کے عوام کو دھوکے میں ڈال کر ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ بھارت ورکنگ بائو نڈری اور لائن آف کنٹرول سمیت مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر فائرنگ کرکے کشمیریوںکا خون بہا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مگر بھارت کے اب یہ عزائم بے نقاب ہوچکے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور انھوں نے کشمیر کو خون کی وادی بنادیا ہے ۔ آئے روز انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرکے معصوم کشمیریوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ اور اب لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کرکے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کو شہید کررہا ہے اور املاک کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں میں منظور شدہ ہے ۔ اب اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر حل کروانے اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لینے میں سنجیدگی کا مظاہر ہ کرنا ہوگا ۔ وگرنہ اس خطے میں امن وامان کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ۔ انھوں نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ،حق خوداردیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں اور بھارت کی حالیہ دنوں سے جاری لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری عوام پاک فوج کے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اورکسی بھی بھارتی عزائم کو خاک کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔