راولپنڈی میں گیس کے کم پریشر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں گے

وزیراعظم نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے ،شہر میں تجاوزات اور ٹریفک کے انتہائی گھمبیر مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے ، تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ، شہر میں پارکنگ پلازے بننے چاہئیں تاکہ ٹریفک کی روانی ہوسکے میئر راولپنڈی میونسپل کارپوریشن سردار محمد نسیم خان کی حلف برداری کے بعد اے پی پی سے گفتگو

اتوار 1 جنوری 2017 12:50

راولپنڈی یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے صدر اور بلامقابلہ نومنتخب میئر راولپنڈی میونسپل کارپوریشن سردار محمد نسیم خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر میں گیس کے کم پریشر کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کیے جائیں گے ،شہر کی تمام بوسیدہ گیس پائپ لائینز کو تبدیل کیا جائے گ، وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور شہریوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا قابل عمل حل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

اتوار کو میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان نے اے پی پی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاکہ کہاکہ شہر میں موسم سرما کے دوران گیس کے کم پریشر کے مسائل گھمبیر ہو چکے ہیں جن کے خاتمے کے لیے سوئی گیس حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ گیس کے کم پریشر کے مسائل کا فوری تدارک کیا جائے ۔

(جاری ہے)

سردار نسیم نے کہاکہ گیس کے کم پریشر کی وجہ بننے والی تمام بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کی تبدیلی بھی کرائی جائے گی تاکہ شہر یوں کو گیس کے حوالے سے درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں نومنتخب میئر نے کہاکہ شہر میں قبرستان کی جگہ کے لیے مزید اراضی خریدی جائے گی تاکہ تدفین کے مسائل کا ازالہ ہو سکے ۔انہوںنے کہاکہ بڑھتی آبادی کے ساتھ شہر کے قبرستانوں میں بھی جگہ کم ہو چکی ہے لہذا اس مسئلے کا حل بھی ضروری ہے ۔سردار نسیم نے کہاکہ شہر میں تجاوزات اور ٹریفک کے انتہائی گھمبیر مسائل ہیں جن کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے ،تجاوزات خاتمے اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں پارکنگ پلازے بننے چاہیں تاکہ ٹریفک کی روانی ہوسکے ۔انہوںنے کہاکہ لوگ ٹریفک جام کی وجہ سے نفسیاتی مریض بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کسی بھی دوسرے سیاستدان نے کبھی بھی تجاوزات کی حوصلہ افزائی نہیں کی اور آئندہ بھی ہر طرح کے سیاسی دبائو سے آزاد ہو کر تجاوزارت کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے اور میں کوشش کروں گا کہ قواعد وضوابط کے مطابق کام کروں ۔

انہوںنے کہاکہ اگر نیت ٹھیک ہو تو انسان کو خود نہیں بولنا پڑتا اس کے کام بولتے ہیں۔سردار نسیم نے کہا کہ سو فیصد جمہوریت پر یقین کی وجہ سے ہی دور آمریت میں تشدد اور جیلیں برداشت کیں لیکن ذہن کے کسی گوشے میں جمہوریت یا پارٹی سے فرار کا تصور بھی نہیں تھا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں راولپنڈی کے پہلے بلامقابلہ میئر کے الیکشن میں سرخرو ہوا ہوں تو دوسری طرف 28 سال تک پارٹی کا سیکرٹری جنرل اور 6 سال سے صدر ہوں یہ بھی ایک ریکارڈ ہے جس کی پنجاب میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

سردار محمد نسیم خان نے کہا کہ بحیثیت میئرراولپنڈی کو عظیم پراجیکٹس کے ذریعے مثالی شہر بنانے کے اقدامات کروں گا۔سردار نسیم نے کہاکہ میں اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں سے مسلسل رابطے میں رہا ہوں البتہ عوام کی بعض اوقات توقعات بہت زیادہ ہوتی ہیں جن کو پورا کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ سردار نسیم نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان کو خراج تحسین پیش کیا اورکہاکہ ان کے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں ہے ،ہمیں فخر ہے کہ وزیر داخلہ کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے الیکشن میں دو قومی اور 3 صوبائی نشستیں ہم ہار چکے تھے اس کے باوجود 2015 ء کے بلدیاتی انتخابات میں 46 میں سے 40 یونین کونسلوں کی نشستیں مسلم لیگ ن نے جیتی ہیں اور خصوصی نشستوں کے الیکشن میں 17 کی 17 نشستوں پر مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی یہ بھی پنجاب بھر کا ریکارڈ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نومنتخب میئر نے کہا کہ محمد حنیف عباسی‘ حاجی پرویز راجہ اشفاق سرور‘ شکیل اعوان‘ ملک ابرار‘ نجمہ حمید‘ طاہرہ اورنگزیب‘ مریم اورنگزیب‘ ڈاکٹر جمال ناصر‘ راجہ حنیف‘ ضیائاللہ شاہ‘ ملک غلام رضا‘ فاروق خٹک‘ ملک افتخار‘ راحت قدوسی‘ تحسین فواد‘ زیب النساء اعوان اور لبنی ریحان ایم پی اے نے ہر موقع پر ان کی مدد کی۔

ایک سوال کے جواب میں میئر میونسپل کارپوریشن سردار نسیم نے کہا کہ ڈپٹی میئر چوہدری طارق محمود کے ساتھ ان کے ورکنگ ریلیشن بہت اچھے رہیں گے کیونکہ وہ پہلے بھیڈپٹی میئر رہ چکے ہیں اور انہیں پنڈی کے باسیوں کے مسائل سے کماحقہ آگاہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :