مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کیلئے روایتی ، مخصوص شعبوں پر توجہ مرکوز کرنیکی بجائے اسکا دائرہ مزید وسیع کرنا ہوگا ‘ کاشف اشفاق

حکومت فرنیچر انڈسٹری کی سرپرستی کرے ،دیگر شعبوں کی طرح اسے بھی خصوصی مراعات دی جائیں‘ چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل

اتوار 1 جنوری 2017 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ حکومت کو ملک کی مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کیلئے روایتی اور چند ایک شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اس کا دائرہ مزید وسیع کرنا ہوگا ،پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے ، اگر حکومت اس کی سرپرستی کرے تو اس سے نہ صرف لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع مل سکتے ہیںبلکہ اس سے زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حال ہی میں لاہور میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جو فرنیچر انڈسٹری کیلئے انتہائی خوش آئند ہے ۔اس نمائش کے ذریعے ہم اپنی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کی طرف بڑھے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری میں بڑا پوٹنیشل موجود ہے اور یہ ملکی جی ڈی پی میں اضافہ کی ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ماہرین اور عوام کو روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

پاکستان فرنیچر کونسل اور چین ون کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران فرنیچر کی درآمد پر بڑے پیمانے پر قیمتی زرمبادلہ خرچ کیا جبکہ اس سے مقامی صنعت سے وابستہ افراد کو بے روزگاری کا بھی سامنا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اس انڈسٹری کی سرپرستی کرے اور اسے دیگر شعبوں کی طرح خصوصی مراعات دی جائیں ۔فرنیچر اور ہینڈی کرافٹ انڈسٹری سے 50 ہزار سے زائد افراد کا روزگار وابستہ ہے اور اس صنعت کو ترقی دے کرمزید لاکھوں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل اپنی مصنوعات کو بیرون ممالک متعارف کرانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :