یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں باغی ملیشیاؤں کا کمانڈر مارا گیا

باغی ملیشیاؤں کی تعز اور شبوہ کے صوبوں میں رہائشی علاقوں پراندھادھند گولہ باری،درجنوں شہری نقل مکانی کرگئے

اتوار 1 جنوری 2017 12:00

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) یمن کے صوبے شبوہ میں حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کے نقصانات کا سلسلہ جاری ہے جہاں متعدد ٹھکانے ان کے ہاتھ سے نکل گئے۔ مارب کے علاقے المخدرہ میں سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں باغی ملیشیاؤں کا ایک کمانڈر مارا گیا۔ادھر باغی ملیشیاؤں نے تعز اور شبوہ کے صوبوں میں رہائشی علاقوں کو اندھادھند گولہ باری کا نشانہ بنایا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لحج صوبے کے شہر الحوطہ میں حوثی اور صالح ملیشیاؤں نے درجنوں یمنی گھرانوں کو جبری نقل مکانی پر مجبور کر دیا۔ باغی ملیشیاؤں نے علاقے میں گھروں کے اطراف دھماکا خیز مواد اور بارودی سرنگیں نصب کر دیں تاکہ مقامی آبادی کسی طور دوبارہ نہ لوٹ سکے۔

(جاری ہے)

تعز شہر میں یمنی سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے شہر کے مغرب میں واقع دو ٹیلوں السوداء اور الخلوہ پر باغیوں کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

تعز میں عسکری کمان کے میڈیا مرکز کے مطابق مذکورہ کارروائی کے دوران حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کو بھاری جانی اور مادی نقصان پہنچا۔شبوہ صوبے میں یمنی سرکاری فوج مشرقی محاذ پر نئے ٹھکانے اپنے کنٹرول میں لینے میں کامیاب ہو گئی۔ اس دوران باغیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

متعلقہ عنوان :