ملک میں موجود مسلم تنظیمیں بھی دہشت گردی پر نظر رکھیں،جرمنی کا مطالبہ

انسداددہشت گردی کے لیے مسلمانوں کی نمائندہ ملکی اور علاقائی تنظیموں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا،وزیرداخلہ

اتوار 1 جنوری 2017 11:30

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) وفاقی جرمن وزیر داخلہ تھوماس دے میزیئر نے مطالبہ کیا ہے کہ جرمنی میںخونریز دہشت گردی کو روکنے کے لیے ملک میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیمیں بھی سرگرمی سے اپنا کردار ادا کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں وزیر داخلہ تھوماس دے میزیئر نے کہا کہ جرمنی کو اس وقت مذہب کے نام پر دہشت گردانہ حملے کرنے والے جن اسلام پسندوں کی وجہ سے شدید قسم کے چیلنج اور خطرات لاحق ہیں، ان کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے جرمنی میں آباد مسلمانوں کی نمائندہ ملکی اور علاقائی تنظیموں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

دے میزیئر نے کہا کہ اس مقصد کے لیے جرمنی میں مسلمانوں کی تنظیموں کو ’اپنے ارد گرد کے ماحول اور اس میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ شدت پسند مسلمانوں کی طرف سے پیدا ہونے والے ممکنہ سماجی اور سکیورٹی خطرات کو بھی نگاہ میں رکھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ مجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہمارا مسلمانوں کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ قریبی اور بامقصد اشتراک عمل جاری رہے گا تاکہ جرمنی میں آباد مسلمانوں میں ہر قسم کی ممکنہ مذہبی شدت پسندی کا نتیجہ خیز انداز میں سدباب کیا جا سکے۔

اپنے اس انٹرویو میں دے میزیئر نے یہ اعتراف بھی کیا کہ جرمنی میں ایسے مسلمان مجموعی طور پر اقلیتی مسلم آبادی میں بھی محض ایک چھوٹی سی اقلیت ہیں، جو بنیاد پرستانہ مذہبی رجحانات کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔ساتھ ہی وزیر داخلہ نے اس بارے میں افسوس کا اظہار بھی کیا کہ جرمنی میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیموں کا یہاں رہنے والے مسلمانوں کی زندگیوں پر سماجی اثر و رسوخ اور اس کے اثرات ’بہت زیادہ نہیں‘ ہے۔

متعلقہ عنوان :