ارجن کپور کے گھر میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا حکم

معروف کامیڈین کپل شرما اور عرفان خان کو بھی غیر قانونی تعمیرات پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا ،ْرپورٹ

اتوار 1 جنوری 2017 11:30

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء)بالی ووڈ اسٹار ارجن کپور اپنی فٹنس کے شوق کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے جس میں ممبئی میونسپل کارپوریشن نے متعلقہ اداروں کو ان کے گھر کے احاطے میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

نوجوان اداکارارجن کپور کو فٹ رہنے کا جنون کی حد تک شوق ہے اور یہی وجہ ہے کہ رواں سال انہوں نے ممبئی کے علاقے جوہو میں اپنے اپارٹمنٹ میں ہی جم بنایا تھا جس پرممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) نے انہیں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس جاری کیا تھا تاہم اداکار کی جانب سے کوئی جواب نہ دینے پر ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم دیدیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن نے نئے نوٹس میں متعلقہ اداروں کو گھر میں داخل ہوکر غیرقانونی تعمیرات کو گرانے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد کسی بھی وقت غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں معروف کامیڈین کپل شرما اور عرفان خان کو بھی غیر قانونی تعمیرات پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔