مسلم لیگ (ق) نے سرکاری ہسپتالوںکی خراب ڈائیلسزمشینوں پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

ڈائیلسز مشینوںکی خرابی کے باعث گردوںکے مریض خوار ہورہے ہیں،ڈائیلسز مہنگا ترین علاج ،مشینوں کی خرابی پر غریب مریض پریشانی میں مبتلا ہیں‘خدیجہ فاروقی

ہفتہ 31 دسمبر 2016 14:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے محکمہ صحت کی لاپرواہی اور پروفیسرز مافیا کی اجارہ داریوں کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز کی خراب مشینوں پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوںنے کہا کہ ڈایلسز مشینوںکی خرابی کے باعث گردوں کے مریض خوارہورہے ہیں ہسپتالوں میں ڈائیلسز کے لئے آنے وایل غریب مریضوں کو لمبی لمبی تاریخیں دی جارہی ہیں ۔

سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز مشینوں کا فقدان ہے اور ناکارہ مشینوں کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز کروانے والے مریض زندگی کے دن گننے لگے ہیں۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ ایک طرف حکومت صحت کارڈ جاری کرنے کے بلند وبانگ دعووے کررہی ہے اور صحت کے شعبہ میں اپنی پالیسیوں کی تعریفوں کے پل باندھ رہی ہے جبکہ دوسری طرف ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک برتا جارہا ہے ڈائیلسز مہنگا ترین علاج ہے سرکاری ہسپتالوں میں مشینوں کی خرابی پر غریب مریض پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ پرائیویٹ اداروں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں پنجاب انتظامیہ کے کھوکھلے نعروں کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں ٹیسٹوں ، ادویات کے بعد اب گردوں کے مریضوں کا علاج معالجہ بھی نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

غریب و نادار مریض ہاتھوں میں پرچیاں تھامے دن بھر مارے مارے پھرتے رہتے ہیں اور موت کے بے رحم ہاتھوں میں جارہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور ٹیسٹوں کا سلسلہ تقریباً بند ہوگیا ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں سرکاری ہسپتالوں میں ٹسیٹوں کے ساتھ مریضوں کے مفت علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب تھیںیہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی ان کے دور کو یاد کرتے ہیں۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور سرکاری ہسپتالوں میں ڈائیلسز کی وافر مشینیں فراہم کرے اور خراب مشینوں کو فی الفور ٹھیک کروایا جائے تاکہ گردوں کے مریضوں کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔