پاکستان امریکہ کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے اصولی اور قانونی حمایت کا بھرپور خیر مقدم کرے گا، سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہد ہ ہے ،عالمی بنک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو معاہدے پر عمل کا پابند بنائے، کروڑوں پاکستانیوں کے پانی کے حوالے سے حقوق کا تحفظ حاصل ہے، عالمی بنک، ثالثی عدالت کے چیئرمین کے تقرر کے حوالے سے قانونی تقاضے کوپوراکرے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ٹیلیفونک گفتگو پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے تنازع کے دوستانہ حل کا خواہاں ہے، امریکی وزیر خارجہ

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:30

پاکستان امریکہ کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے اصولی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے اصولی اور قانونی حمایت کا بھرپور خیر مقد م کرے گا، سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہد ہ ہے اور عالمی بنک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو معاہدے پر عمل کرنے کا پابند بنائے، کروڑوں پاکستانیوں کے پانی کے حوالے سے حقوق کا تحفظ حاصل ہے، عالمی بنک سندھ طاس معاہدے کے تنازع کے حل کے لئے ثالثی عدالت کے چیئرمین کے تقرر کے حوالے سے قانونی تقاضے کو فوری طور پر پورا کرے، امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہاکہ ورلڈ بنک کے صدر نے ان کو سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے خلاف پاکستان کی شکایت سے آگاہ کیا ہے،امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے تنازعہ کے دوستانہ حل کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ٹیلی فون کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے معاشی اظہاریوں میں آنے والی بہتری کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے معیشت میں تازہ ترین پیش رفت اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سال کے دوران معاشی اظہاریوں میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی استحکام حاصل کرنے کے بعد عملی اور پائیدار ترقی اور معاشی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ سیکرٹری خارجہ جان کیری نے حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت میں بہتری لانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے و زیر خزانہ اسحاق ڈار سے جب وہ سینٹ میں قائد حزب اختلاف تھے اپنے تعلق کو یاد کیا۔ وزیر خزانہ نے سیکرٹری خارجہ جان کیری سے اپنے دیرینہ تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بہترین دوست اور پاکستان کے سپورٹر ہیں اور ان کے ساتھ کام کر کے ہمیشہ خوشی حاصل ہوئی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیرخارجہ جان کیری کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امن و امان اور فلسطین کے عوام کے حقوق کیلئے دئیے گئے بیان پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی بنک کے صدر سے اس معاملے پر رواں ماہ رابطہ رہا ہے اور خطوط اور ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ ہوا ہے۔