جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام شا م اور برما میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار یکم جنوری کو شام اور برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اور مظلوم و نہتے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پر ہونے والے ’’امت رسول ؐ مارچ ‘‘کے سلسلے میں جمعہ کے روز یوم ِ احتجاج منایا گیا ۔شہر بھر میں 150سے زائد مقامات پر بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور پبلک مقامات پر کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ۔

جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،مظاہروں سے جماعت اسلامی ضلع شر قی کے امیر یونس بارائی ،ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل ،ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید ،ضلع وسطی کے سیکریٹری محمد یوسف ،ضلع غربی کے نائب امیر خالد زمان سمیت مقامی رہنمائوں اور ذمہ داران نے خطاب کیا اور مظلوم مسلمانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام متحدہ ،عالمی اداروں اور مغرب کے دہرے معیار اور مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی ،مقررین نے عوام کو یکم جنوری کو امت رسول ؐ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہو ئے تھے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں 30مقامات پر مظاہرے اور کارنر میٹنگز کی گئیں ۔ضلع بن قاسم کے تحت 32سے زائد مقامات پر ضلع غربی میں40مقامات پر ضلع شر قی میں 35اور ضلع جنوبی میں 25مقامات پر مظاہرے اور کارنر میٹنگز کی گئیں ۔ان مقامات میں قصبہ کالونی علی گڑھ ،اورنگی ٹائون ،سلمان فارسی مسجد ،گلشن بہار ،خالد آباد ،ہر یانہ ،اورنگی ٹائون 10نمبر ، سائیٹ ،میٹروول ،سعید آباد ،نئی آبادی ،کیماڑی ،موسیٰ لین ،اختر کالونی ،صدر ،لیاری ،گذری ،ڈیفنس سلطان مسجد ،شاہ فیصل کالونی ،ملیر ،گلشن اقبال ،جمشید ٹائون ،سوسائٹی ،گڈاپ ،گلستانِ جوہر ،نارتھ ناظم آباد ،نارتھ کراچی ،ناظم آباد ،لیاقت آباد ،فیڈرل بی ایریا ،گلشن معمار ،لانڈھی ،کورنگی ،ناصر کالونی ، دائود چورنگی ،قائد آباد سمیت دیگر مقامات شامل ہیں ۔

مظاہروں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ ساڑھے چار ہزار سال سے آباد 44لاکھ مسلمانوں کی آبادی کے حلب اور بے یارو مدد گار روہنگیا برما میں ظلم و ستم اب تک کے ہو نے والے تمام مظالم سے زیادہ بھیانک ووحشت ناک ہے ۔انسانی تاریخ میں اتنے وحشیانہ مظالم کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔حلب میں اور روس کی نورا کشتی سے بشار الاسد کی آمریت کی سر پرستی میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کو قتل ،35لاکھ سے زائد مسلمانوں کو بے گھر و نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے ۔

یہ سارا عمل امریکہ کی تشکیل کردہ ’’ دہشت گردی ‘‘ کی آڑ لے کر کیا جارہا ہے ۔اقوام ِ متحدہ (UNO) اور(OIC) اس ہولناک خونی ’’گریٹ گیم ‘‘ کا تماشہ دیکھ رہے ہیں اور مسلم حکمراںسامراجی و طاعوتی طاقتوں کے آلہٴ کار بنے ہوئے ہیں ۔دوسری طرف روہنگیا برما کے مسلمانوں پر میانمار فوجیں ،خواتین و بچوں سمیت مظلوم برمی مسلمانوں کا قتل عام ،ریپ ،ٹارچر اور زندہ جسم سے کھالوں کو اُدھیڑ تے ہوئے بھیانک نسل کشی اور برما چھوڑنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔

دریں اثناء ’’امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ کی تیاریاں اور انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں ۔شہر بھر سے آنے والے جلوسوں ،ریلیوں اور قافلوں کی آمد اور مارچ میں شر کت کے لیے روٹس طے کر دیئے گئے ہیں ۔جبکہ یکم جنوری کے دن کے لیے بھی مختلف اضلاع اور متعدد کمیٹیوں کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مردوں کے قافلے نمائش یا کشمیر روڈ سے شاہراہ قائدین پر سوسائٹی آفس پہنچیں گے جہاں نمازِ عصر ادا کی جائے گی اور مارچ وہاں سے شاہراہ قائدین پر روانہ ہو گا ۔

مردوں کے قافلے پیدل سیدھے ہاتھ والے ٹریک (قائداعظم کے مزار کی طرف آنے والی سڑک ) پرہوں گے ۔مردوں کی پارکنگ نورانی کباب ہائوس چورنگی سے پیچھے کی طرف خداداد کالونی تک ہوگی ۔خواتین کے تمام قافلے نمائش اور کشمیر روڈ کے راستے شاہراہ قائدین سوسائٹی آفس سے داخل ہوں گے اور بائیں ہاتھ والے ٹریک (شاہراہ فیصل کی طرف جانے والی سڑک ) پر تمام گاڑیاں نورانی کباب ہائوس سے آگے شیل پمپ تک جائیں گی اور خواتین وہاں سے گاڑیوں سے اُتر کر مارچ میں شریک ہوجائیں گی ۔

اسٹیج کی سیکوریٹی کی ذمہ داری ضلع جنوبی کی ہوگی ۔ٹریفک کنٹرول و مارچ کو منظم کر نا ضلع وسطی کی ذمہ داری ہے ۔نماز کے اہتمام کی ذمہ داری ضلع بن قاسم کی ہوگی ۔تمام شر کاء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باوضو ہو کر شریک ہوں ۔طارق روڈ چورنگی سے لے کر سوسائٹی آفس تک مارچ کے پورے راستے کی تزئین اور آرائش ،پانی ،وضو کی ذمہ داری ضلع شر قی کی ہوگی ۔شاہراہ قائدین کے دونوں طرف انتظامی کیمپ کی ذمہ داری ضلع شر قی کی ہو گی ۔الخد مت کے تحت موبائل میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے گا ۔ جہاں الخدمت کی ایمبولینس ،ڈاکٹرز حضرات بھی موجود رہیں گے ۔یہ کیمپ 2بجے سے لے کر پروگرام کے اختتام تک قائم رہے گا ۔#