محکمہ پی اینڈ ڈی کی جانب سے سیدہ خانم کی مدت ملازمت مکمل ہونے پر الوداعی تقریب

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:07

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے پی ایم ایس سیکشن آفیسر کوآرڈینیشن سیدہ خانم کی مدت ملازمت مکمل ہونے پر الوداعی تقریب گزشتہ روز پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل نے کی جبکہ سیکشن آفیسر اسٹیبلیشمنٹ ون حمزہ علی، سیکشن آفیسر محمد اشرف، سیکشن آفیسر جنرل پی اینڈ ڈی خالد محمود، پبلک ریلیشنز آفیسر عاطف خوشنود کے علاوہ دیگر افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔

سیکشن آفیسر سیدہ خانم کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو عوامی خدمت ایک خادم کی حیثیت سے کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیدہ خانم کی پنجاب حکومت میں 40 سال کی سروسز و خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی میں سیدہ خانم کی سروس کے دوران محکمہ پی اینڈ ڈی کے ملازمین کو ریکارڈ پروموشن ملی ہے۔

ڈاکٹر شاہد عادل نے کہا کہ سیکشن آفیسر ریٹائرڈ سیدہ خانم حکومت پنجاب کیلئے ایک بہترین سرمایہ تھیں جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے انتہائی ایمانداری اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئیے۔ الوداعی تقریب میں سیکشن آفیسر ریٹائرڈ سیدہ خانم نے محکمہ پی اینڈ ڈی کے حکام اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تقریباً 40 سال حکومت کی خدمت کی ہے۔

تیس سال محکمہ ایجوکیشن، ڈیڑھ سال محکمہ فنانس، ساڑھے تین سال انفارمیشن اینڈ کلچر، ایک سال محکمہ لائیو سٹاک، ایک سال دس ماہ محکمہ پی اینڈ ڈی اور دس ماہ محکمہ او اینڈ ایم میں فرائض انجام دئیے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران محکمہ پی اینڈ ڈی کے افسران وملازمین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین وقت کی پابندی ، ایمانداری ، لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر ہی حل کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ تقریب کے آخر میں محکمہ پی اینڈ ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر شاہد عادل نے سیکشن آفیسر ریٹائرڈ سیدہ خانم کو تحفہ میں قرآن مجید پیش کیا اور ان کو اعزازی شیلڈ کے ساتھ ساتھ پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :