ملیر میں چکن گونیا سے بچاؤ کے لئے آگہی مہم کا آغاز

مہم میں زبیدہ آپا بھی شریک ہوئیں جنہوں نے مختلف حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2016ء) ریکٹ بنکیزر (آر بی) مورٹین بنانے والوں کی جانب سے ملیر میں سندھ گورنمنٹ اسپتال میں مچھروں سے پھیلنے والی نئی بیماری چکن گونیا سے بچاؤ کے لئے آگہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم میں مشہور شخصیت زبیدہ آپا بھی شریک ہوئیں جنہوں نے اس بیماری سے حفاظت کے ٹوٹکے بتائے جبکہ اسپتال کے مریضوں میں مچھروں سے بچاؤ کی حفاظتی کٹ تقسیم کی گئیں۔

چکن گونیا نامی بیماری بنیادی طور پر ایدس ایگپتی نامی مچھر سے پھیلتی ہے ۔ یہ مچھر کھڑے پانی پر پرورش پاتے ہیں اور انسانوں کو متاثر کرتے ہیں۔ ملیر میں اب تک چکن گونیا کے 86 مشتبہ کیسز سامنے آچکے ہیں اور اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ یہ بیماری ملک بھر میں پھیل سکتی ہے۔ چکن گونیا سے متاثرہ مریض تیز بخار، جوڑوں میں شدید درد، سردرد، متلی، تھکن کا نشانہ بنتا ہے اور جسم پر داغ پڑجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مو رٹین کئی سال سے مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے آگہی کا کام کررہا ہے۔ اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو آگہی فراہم کرکے ڈینگی کے مرض اور اس کے باعث پھیلنے والی ہلاکتیں روکی جائیں۔ اس اقدام کے بارے مورٹین کی برانڈ منیجر عروج ہاشمی نے کہا، "ریکٹ بنکیزر صحت اور صفائی کے مسائل کو بنیادی سطح پر حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

عوام میں چکن گو نیا کے مرض کے اچانک ابھرنے سے مو رٹین کے لئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ عوام میں اس بیماری سے نمٹنے کے لئے آگہی پیدا کرے۔ کسی ویکسین کی عدم موجودگی میں اس بیماری سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ضروری احتیاطی اقدامات اختیار کریں جس کے حوالے سے ہم آگہی فراہم کرنے کے لئے یہاں ہیں۔ "ملیر میں سندھ گو رنمنٹ اسپتال کے ڈاکٹر ندیم احمد نے چکن گونیا کے بارے میں بتایا کہ سماجی طور پر آگہی پھیلانے کا اہم کام بروقت ہے اور لوگوں کو آگہی پر مبنی حفاظتی اقدامات سے واقف ہونے کی ضرورت ہے تاکہ بڑے پیمانے پر یہ بیماری نہ پھیل سکے ۔

ہم اس اقدام کے لئے مورٹین کے شکرگزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عوامی آگہی پھیلانے کے لئے یہ شراکت داری نتیجہ خیز ہوگی۔ مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں جیسے چکن گونیا، ڈینگی، ذکا اور ملیریا سے بچنے کے لئے ہر شخص چار بنیادی حفاظتی اقدامات کرسکتا ہے۔ پانی کو ڈھانپ کر رکھیں ، کھڑے پانی اور کیچڑ سے جان چھڑائیں ، اپنے ارد گرد ماحول کو کچرے سے صاف رکھیں اور مچھروں سے حفاظت کے لئے مورٹین جیسی مصنوعات کے ذریعے اپنا تحفظ کریں اور عوامی سطح پر ان احتیاطی اقدمات کے بارے میں آگہی پھیلائیں۔