پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے تعمیراتی صنعت کو سہولتیں فراہم کی جائیں، رؤف عالم

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:41

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) ٖفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رئوف عالم نے تعمیراتی صنعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ملک کی معاشی ترقی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے تعمیراتی صنعت کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وہ آباد کی جانب سے تاجر برادری کے لئے اعلیٰ خدمات پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں چیئرمین آباد محسن شیخانی، سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی، چیئرمین سدرن ریجن محمد ایوب، سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر،سابق سینئر وائس چیئرمین عارف یوسف جیوا، اسلام آباد کے تاجر رہنما خالد چوہدری،منور اقبال،مس سعدیہ،مس ناصرہ،فرزانہ خان اور آباد ممبران کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

رئوف عالم نے کہا کہ اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس کی تکمیل آباد بالخصوص عارف جیوا کے بھرپور تعاون کے باعث ممکن ہوئی ہے جس کے لئے تاجر برادری ان کی شکر گزار ہے۔ روف عالم نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک بھر کی تاجر برادر ی اور معیشت کو چلانے میں حکومت پاکستان کی بھرپور معاونت کررہی ہے۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی پر بلا جواز تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ آرگنائزیشن کی بہتری کے لئے ٹانگیں کھینچنے کے بجائے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

چیئرمین آباد محسن شیخانی نے تاجر برادری بالخصوص آباد ممبران کے مسائل حل کرنے میں غیر معمولی کردار ادا کرنے پر رئوف عالم کو خراج تحسین پیش کیا۔ رئوف عالم نے اپنے آپ کو پاکستان کی خوشحالی اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کررکھا ہے،ان کی آباد کے لیے گراں قدر خدمات ہیں ،ہمیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ رئوف عالم ایف پی سی سی آئی کے نہیں آباد کے صدر ہیں۔

چیئرمین آباد نے خیال ظاہر کیا کہ شاید ایف پی سی سی آئی کو رئوف عالم کا متبادل نہ مل سکے۔ قبل ازیں آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی نے اپنے خطاب میں ایف پی سی سی آئی میں رئوف عالم کے دور کو تاجر وں کے لئے سنہری دور قرار دیا ۔ حسن بخشی نے آباد کے پرتگال جانے والے وفد کی قیادت کرنے کے لیے رئوف عالم سے درخواست کی جسے صدرایف پی سی سی آئی نے بلا تامل قبول کرلیا۔عارف جیوا نے کہا کہ رئوف عالم ایک قابل اعتماد تاجر رہنماء ہیں اور انہوں نے آباد کو معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی سمجھا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آباد ممبران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔

متعلقہ عنوان :