انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،ڈی سی او

جمعہ 30 دسمبر 2016 19:01

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈیرہ غازیخان ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔غیر قانونی میڈیکل پریکٹس اور ادویات کے کاروباری مراکز سربمہر کر دیئے جائیں،معائنہ کے وقت تمام ضروری کارروائی مکمل کی جائے، کسی سے جانبداری اورامتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوںنے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔ ڈی سی او نے بورڈ کو پیش کیے گئے 14کیسز میںسماعت کے بعد 9مقدمات مزید کارروائی کیلئے عدالت اور تین پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھجوانے کی ہدایات جاری کیں۔ایک پر مقدمہ اور ایک کو وارننگ دی گئی۔ ڈی سی او نے کہاکہ ڈرگ انسپکٹرز ا پنی کارکردگی کو مزید بہتر کریں ․ عطائیت کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائی․ زائد المعیاد ، غیر قانونی اور ممنوعہ ادویات برآمد ہونے ، خریداری اور فروخت کا ریکارڈ مرتب نہ کرنے اور ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میںای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منور عبا س ، ڈرگ کنٹرولر ذوالفقار علی گوپانگ ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ فیصل محمود ، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر عثمان حبیب ، ڈرگ انسپکٹرتونسہ شاہد محمود ،فارماسسٹ شاکر صدیقی ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد اعجاز سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔