موسم سرما کی شدت کے باعث تھیٹرز ، سٹیج اور سینما ہالوں کی رونق ماند پڑ گئی

جمعہ 30 دسمبر 2016 13:17

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) ملک کے مختلف شہروں کی طرح گذشتہ کئی روز سے فیصل آباد میں جاری موسم سرما کی لہر کے باعث تھیٹرز ، سٹیج اور سینما ہالوں کی رونق ماند پڑ گئی ہے اور مذکورہ مقامات پر سٹیج ڈرامے اور فلمیں دیکھنے کیلئے آنیوالے شائقین کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے جس کے باعث تھیٹرز، سٹیج، سینما ہالوں کی انتظامیہ کیلئے اپنے ضروری اخراجات پورے کرنا بھی مشکل نظر آرہا ہے۔

تھیٹرز و سینما اونرز ایسوسی ایشن فیصل۱ٓباد کے ترجمان نے بتایاکہ پہلے ہی نامساعد حالات کے باعث تھیٹر اور سٹیج کے شائقین کی تعداد میں بڑی حد تک کمی واقع ہو گئی ہے جبکہ اب سردی کی لہر نے بھی عوام کو گھروں تک محدود کردیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ایک جانب شائقین کی کم تعداد کے باعث ان کیلئے اپنے ضروری اخراجات پورے کرنا ہی مشکل ہوتا جا رہا ہے اوپر سے بجلی و گیس کی بندش اور طویل ترین لوڈ شیڈنگ نے ان کے مالی اخراجات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے کیونکہ توانائی کے بحران کے باعث انہیں پٹرول و ڈیزل جنریٹرز استعمال کرناپڑ رہے ہیں جس کے تناسب سے شائقین ٹکٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتے ہیں اس طرح جہاں دیگر شعبے متاثر ہورہے ہیں وہیں اب عوام کو سستی تفریح فراہم کرنے والے ادارے بھی بحرانوں میں مبتلا نظر آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :