اگلے سال پاکستان میں 10ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوگی جس میں 5 ہزار سی پیک منصوبوں سے آئے گی

وفاقی وزیر احسن اقبال اور وائس چیئرمین این ڈی آر سی کی بیجنگ میں مشترکہ پریس بریفنگ، سی پیک منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر احسن اقبال اور وائس چیئرمین این ڈی آر سی نے سی پیک منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بیجنگ میں سی پیک کی چھٹی جے سی سی کے فیصلوں کے بارے میں مشترکہ پریس بریفنگ میں انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں8 سو میگا واٹ کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں،اگلے سال پاکستان میں 10ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوگی جس میں 5 ہزار سی پیک منصوبوں سے آئے گی۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت ٹرانسمشن لائن کے منصوبے کو منظوری دی گئی اور فوری کام کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی، اس ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے ملک کے جنوب میں پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیر ملک کے شمال میں بجلی کے دیگر منصوبوں پر فروری میں دوبارہ مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دریائے سندھ پر پن بجلی کے اہم منصوبے بھاشا ڈیم پر کام آگے بڑھانے کیلئے گروپ تشکیل دے دیا گیا جو اس منصوبے پر مزید کام کرے گا، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے دو بڑے منصوبے ملتان سکھر اور حویلیاں تاکوٹ کے کے ایچ منصوبوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ صنعتی شعبے کے دو مزید اہم منصوبے گوادر ایس بے ایکسپریس اور ائر پورٹ پر جلد کام شروع کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی۔ انہوںنے کہا کہ کراچی تا پشاور ایم ایل ون ریلوے کی اپ گریڈیشن منصوبے کی جلد تکمیل پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ جنوری میں چین کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں حتمی منظوری پر بات چیت ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جے سی سی نے ملک کے چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ریل بیسڈ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی منظوری دے دیاجن میں گریٹر پشاور ماس ٹرانزٹ، کراچی سرکلر ریلوے،کوئٹہ ماس ٹرانزٹ شامل ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اورنج لائن لاہور منصوبے کو بھی سی پیک کے فریم ورک میں شامل کیا گیا، چین کی جانب سے ماس ٹرانزٹ کے یہ منصوبہ پاکستان کے تمام صوبوں کے عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ جے سی سی میں قراقرم ہائی وے تاکوٹ تا رائی کوٹ ایک سو چھتیس کلومیٹر شاہراہ کی بحالی پر اتفاق ہوگیا،خضدار بسیمہ شاہراہ کے اہم منصوبے کی منظوری دی گئی۔

انہوںنے کہا کہ ڈیرہ اسمعیل خان ژوب روڈ کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ بھی منطور ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ گوادر اپ گریڈیشن منصوبوں کی منظوری دی گئی تاکہ بندرگاہ کی استطاعت بڑھائی جاسکیں، صوبوں کی جانب سے بھیجے گئے منصوبوں میں کیٹی بندر سی پورٹ، نوکنڈی ماش خیل، چترال سے چکدرہ اور میر پور مانسہر روڈ منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی، ٹیکنیکل فیزیبلٹی اورمزید ہوم ورک کیلئے یہ منصوبے ٹرانسپورٹ جائنٹ ورکنگ گروپ کو ریفر کردیئے گئے۔

انہوںنے کہا کہ گوادرمیں تین سو میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی منظوری اطمینان کا اظہار کیا گیا، گوادر واٹر سپلائی سیکم پر فوری کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، جے سی سی کیجانب سے گوادرماسٹرپلان کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ گوادر کی گروتھ ان پلانڈ نہ ہو، گوادر فری زون و پورٹ ڈیویلپمنٹ کے مختلف منصوبے پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ گوادر کے اندر ماہی گیروں اور کشتی بنانے والوں کے روزگار کیلئے کام ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ گوادر ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے تعمیر کے کام کو مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ انہوںنے کہا کہانڈسٹریل کو آپریشن کے تحت صوبوں کی جانب سے منتخب زونز کی شمولیت کا فیصلہ ہوا، ابتدا میں رشکئی اکنامک زون، چائنہ اکنامک زون دابیجی ، بوستان اکنامک زون، چائنہ اکنامک زون شیخوپورہ، گلگت مخنداس ، اسلام آباداورپورٹ قاسم میں سٹیل میل کی اراضی پرانڈسٹریل پارک ،کشمیر میں بھمبر صنعتی زون اورمومند ماربل انڈسٹریل زون کے مقامات کی نشاندہی ہوئی تھی چینی وفد اگلے سال کے شروعات میں جائزہ لے گی اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ کوئٹہ واٹر سپلائی سکیم اور سٹیل میل کمپلیکس چینوٹ کی فزیبلٹی پر کام شروع ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ جے سی سی نے سیکورٹی کیلئے نئے فورس کی تشکیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سی پیک کو انفراسٹرکچرو انرجی کے شعبے سے آگے بڑھاتے ہوئے ثقافت، زبان اور آرٹس تک بڑھانے پر اتفاق ہوا، ڈیزاسٹر مینجمنٹ و ایمرجنسی ریسپانس کیلئے تربیت فراہم کرنے پر اتفاق ہوا، پانچ شعبوں کے اندر چین ٹرانسفر آف نالج کرے گا جس میں انڈسٹریل زون، رورل و اربن ڈیویلپمنٹ، ایگری کلچر، جاب کریشن اور ایس ایم ایز و واٹر ریسورسز منیجمنٹ شامل ہے۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک جے سی سی میں وزرا اعلی کی شمولیت نے نئی طاقت دی ہے۔ وفاقی وزیر نے دنیا کو پیغام دیاہے کہ چائنہ اکنامک کوریڈور کی کامیابی کیلئے پوری قوم متفق ہے اور یہ شاندار مستقبل کی تعمیر میں مدددے گی۔