پاک چین تعلقات بڑھانے میں چینی قونصل جنرل یوبورن کا کردار مثالی حیثیت کا حامل ہے، ہم ہمیشہ آپ کی کمی محسوس کرتے رہیں گے، آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے

وزیراعلیٰ پنجاب کی چین کے سبکدوش ہونیوالے قونصل جنرل یوبورن سے گفتگو سبکدوش چینی قونصل جنرل یوبورن لاہور سے چین روانہ، شہبازشریف نے رخصت کیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعرات کو چین کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل یوبورن نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر لاہورمیں تعیناتی کے دوران چینی قونصل جنرل یوبورن کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک چین تعلقات بڑھانے میں چینی قونصل جنرل یوبورن کا کردار مثالی حیثیت کا حامل ہے اور یوبورن نے دو طرفہ معاشی تعاون کے فروغ کیلئے انتھک محنت سے کام کیاہے۔

سی پیک کے منصوبوں کیساتھ اورنج لائن میٹروٹرین کے پراجیکٹ کیلئے آپ کا تعاون قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہے اورآپ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے نئے معیارسیٹ کیے ہیں ۔ آپ کے دو سالہ دور میںپاک چین دو طرفہ معاشی تعاون کو عروج ملا-پاک چین تعلقات کو اقتصادی تعاون میں بدلنے کے حوالے سے آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا- انہوںنے کہا کہ ہم ہمیشہ آپ کی کمی محسوس کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں اور آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے -سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل یوبورن نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران مجھے ہر لمحہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی بھر پور سپورٹ رہی اورآپ نے ہر موقع پر جو پیار ، خلوص اور محبت کا مظاہرہ کیا وہ میری زندگی کا قیمتی اثاثہ ہیں - انہوںنے کہاکہ پاک چین تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے شہبازشریف نے انتہائی فعال کردار ادا کیا ہے۔

ہم خوش قسمت ہیں کہ چین کو شہبازشریف کی ہمہ گیر شخصیت جیسا مخلص دوست ملا ہے اورہم مضبوط برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے مختلف شعبوںمیں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے۔میں شہبازشریف کی انتھک محنت اورصوبے کی بے مثال ترقی کاگواہ ہوں۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے برق رفتاری اورشفافیت سے مکمل ہو رہے ہیں- سی پیک کے منصوبوں کوجس تیزرفتاری سے آگے بڑھایا گیاہے،وہ اپنی مثال آپ ہی-انہوںنے کہاکہ لاہور میں چینی قونصلیٹ کے قیام میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور پنجاب حکومت کے تعاون پربے حد مشکور ہیں ۔

میں پنجاب میں گزارے ہوئے دو سال کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا اور یہاں سے خوشگوار یادیں لیکر جا رہا ہوں - پاکستان خصوصاً پنجاب کے عوام کے خلوص ، پیار اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھوں گا -چین کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل یوبورن بعدازاں لاہور سے چین روانہ ہوئے اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوبورن کو رخصت کیا اور یوبورن کو گلدستہ پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :