صاف پانی کمپنی، لاہور میٹ کمپنی سمیت پنجاب کی پبلک سیکٹر کمپنیوں کی تشکیل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:14

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) صاف پانی کمپنی، لاہور میٹ کمپنی سمیت پنجاب کی پبلک سیکٹر کمپنیوں کی تشکیل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں یہ درخواست شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صاف پانی کمپنی، لاہور میٹ کمپنی، ایگریکلچر کمپنی اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو کمپنیز آرڈیننس کے تحت بنایا گیا ہے، قانون کے مطابق کمپنیز آرڈیننس کے تحت صرف وفاقی حکومت کو پبلک سیکٹر کمپنیاں بنانے کا اختیار ہے، صوبے کو کمپنیز آرڈیننس کے تحت پبلک سیکٹر کمپنیاں بنانے کا اختیار نہیں ہے، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پبلک سیکٹر کمپنیاں جو فرائض سرانجام دے رہی ہیں، آئین کے آرٹیکل ایک سو چالیس اے کے تحت وہ فرائض سرانجام دینا لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پبلک سیکٹر کمپنیوں کو غیرقانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔