مہینے میں ایک بارہرتھانے میں کھلی کچہری کاانعقاد کرونگا۔سی پی اوملتان

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:13

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد احسن یونس نے ایس ایس پی آپریشنز عمارہ اطہر کے ہمراہ تھانہ بستی ملوک میںعوام الناس کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ایس پی صدر عبداللہ میمن ، ایس پی انوسٹی گیشن محمد جواد طارق ،ایس ڈی پی او /ڈی ایس پی اورایس ایچ او تھانہ بستی ملوک بھی موجود تھے۔

سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد احسن یونس نے عوام کے مسائل سنے اورانکے فوری میرٹ پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔سی پی او ملتان نے تھانہ بستی ملوک کے زیر تفتیش مقدمات کے مدعیان اور متعلقہ تفتیشی افسران کو فرداً فرداً بلا کر انکے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔سی پی او ملتان نے کہا کہ میں مہینہ میں ایک بار ہر تھانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کرونگا اور عوام الناس کو فوری میرٹ پر انصاف مہیا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی پی او ملتان محمد احسن یونس نے کہا کہ ہر ڈویژن کا ایس پی اور سرکل ڈی ایس پی اپنے متعلقہ تھانہ جات میں ہفتہ میں ایک بار عوام الناس کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کرے گا ۔ پولیس کا مقصد عوام کے جان و مال کی حفاظت اور ان کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہے۔ ہمارا نصب العین عوام کے مسائل کو فوری حل کرنا اور عوام دوست سسٹم کے تحت کام کرنا ہے ۔عوام سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں تاکہ عوام اپنے مسائل بتانے میں بالکل نہ ہچکچائے۔