کمانڈو ایس ایس یو نے بھارت کو شکست دے کر عالمی چیمپئن شپ کا اعزار حاصل کرلیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:11

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) ایس ایس یو کمانڈو نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی عالمی مارشل آرٹس ٹورنامنٹ کے مقابلوں میں بھارت اور امریکہ کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر دو گولڈ میڈلز جیت کر عالمی نمبر ون کھلاڑی ہونے کا اعزار حاصل کرلیا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسپیشل سیکورٹی یونٹ سندھ پولیس کے کمانڈو خان سعیدآفریدی، 26 نے تھائی لینڈ میں منعقدہونے والے بین الاقوامی مارشل آرٹس ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اوراعلیٰ مارشل آرٹس کی مہارت ، تراکیب اور بہتر جسمانی طاقت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے بھارت کے کھلاڑی شبھان اور امریکہ کے کھلاڑی جیکب ویلش کو بری طرح شکست دی۔

کمانڈو خان سعید آفریدی کو 2013ء میں براہ راست اسپیشل سیکورٹی یونٹ میں بھرتی کیا گیا اور انہوں نے تمام ضروری کورسز کامیابی سے مکمل کئے۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ مقصود احمد نے کمانڈو خان سعید آفریدی کو اپنے حریفوں کو شکست دے کر دو گولڈ میڈلز جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے کمانڈو نے ثابت کیا ہے کہ وہ مارشل آرٹس میں پیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں اور ان کی کامیابی پر پاکستان کے عوام کو فخر ہے۔

پوری دنیا سے مارشل آرٹس کے کھلاڑیوں کی بڑی تعدا د نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مارشل آرٹس ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ اسپیشل سیکورٹی یونٹ کھیلوں کو فروغ دینے اور کمانڈوز کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی جانب راغب کرنے کے لئے کھیلوں کی ٹیموں کی تشکیل پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :