نادہندگان سے واجبات کی وصولی کیلئے بھرپوراقدامات کئے جائیں،ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے ، ایم ڈی واٹر بورڈ

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے واٹربورڈ کے شعبہ ٹیکس کو ہدایت کی ہے کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کیلئے بھرپوراقدامات کئے جائیں،ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے ،کثیر المنزلہ عمارتوں سمیت دیگر نئی تعمیرات کا سروے جلد از جلد مکمل کیا جائے ،جن عمارتوں میں ناجائز کنکشن لگائے گئے ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہئے ،وہ شعبہ ٹیکس کے افسران کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،اجلاس میں ڈی ایم ڈی آرآر جی محمد اسلم خان ،تمام ڈائریکٹرز ،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی ،اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ شعبہ ٹیکس کی کارکردگی کے بارے میں مکمل بریفنگ بھی دی گئی ، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ کراچی دنیاکے چند بڑے شہروں کی صف میں شامل ہے اس کے شہریوں کو پانی اور سیوریج کی سہولت بہم پہنچانے لائنوں کی مرمت ،انفرااسٹریکچر کی بہتری کیلئے کثر رقم کی ضرورت ہے ،اس کے علاوہ ملازمین کی تنخواہوں ،طبی سہولیات اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن کی ادائیگی کے لئے نادہندگان سے واجبات کی فوری وصولی اور صارفین کی جانب سے ہر ماہ باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی کرنا بہت ضروری ہے ، اس کے بغیر ادارے کو چلانا بہت دشواربلکہ ناممکن ہے ، انہوں نے کہا بعض ڈپٹی ڈائریکٹرز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے ،دیگر بھی ان کی تقلید کریں اور ریکوری میں اضافہ کو ہر صورت ممکن بنائیں ، ایم ڈی واٹربورڈ نے بعض صارفین کو بلوں کی باقاعدہ ترسیل کا سخت نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ جن صارفین کو کسی وجہ سے بل کی فراہمی نہیں ہورہی ہے ان کو باقاعدگی سے بلوں کی ترسیل ہونی چاہئے ،ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنے زیر انتظام علاقے میں بلوں کی ترسیل یقینی بنانے کا پابند ہوگا،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور دیگر ملازمین کو ادارے کی جانب سے تعریفی اسناد ،شیلڈز اور دیگر انعامات دیئے جائیں گے جبکہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سے عادتاً غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی فہرستیں مرتب کرکے جلد از جلد ایم ڈی آفس میں جمع کرائی جائیں اور ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، بصورت دیگر اس شعبہ کے سربراہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی اس سلسلے میں کوئی بھی افسر کسی قسم کی رعایت کی امید نہ رکھے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ اگرچہ واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس کی تعداد کم کردی گئی ہے اس کے باوجود ہائیڈرنٹس سے وصولی کا شفاف اور موثر نظام ہونا چاہئے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ ہائیڈرنٹس سے آمدنی کی شفاف وصولی کے لئے ہائیڈنٹس پر کیمرے اور میٹرز لگانے کی ہدایت پہلے ہی کردی گئی ہے ، اس کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے ،انہوں نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آر آر جی کو ہدایت کی کہ ٹیکس دفاتر میں ملازمین کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنانے کے لئے اچانک دفاتر پر چھاپے مارے جائیں، اوقات کارکی پابندی کرائی جائے ،دفتر میں انٹری کے بغیر فیلڈ میں جانے والے فیلڈ اسٹاف کے بارے میں باز پرس کی جائے ۔